دبئی کرکٹ کے سربراہ کی پاک۔بھارت کرکٹ سیریز کی میزبانی کی پیشکش

اپ ڈیٹ 23 نومبر 2021
عبدالرحمٰن فلکناز نے کہا کہ اگر ہم بھارت کو پاکستان کے خلاف سال میں ایک یا دو بار کھیلنے پر آمادہ کر سکتے ہیں تو یہ بہت اچھا ہوگا— فوٹو بشکریہ خلیج ٹائمز
عبدالرحمٰن فلکناز نے کہا کہ اگر ہم بھارت کو پاکستان کے خلاف سال میں ایک یا دو بار کھیلنے پر آمادہ کر سکتے ہیں تو یہ بہت اچھا ہوگا— فوٹو بشکریہ خلیج ٹائمز

دبئی کرکٹ کونسل کے چیئرمین عبدالرحمٰن فلکناز نے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ کرکٹ سیریز کی میزبانی کی پیشکش کردی ہے۔

یہ پیشکش ایک ایسے موقع پر کی گئی ہے جب ایک ماہ قبل ہی روایتی حریف ٹیموں نے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کا میچ کھیلا تھا۔

حال ہی میں ختم ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کا انعقاد متحدہ عرب امارات کے شہروں شارجہ، دبئی اور ابوظبی میں کیا گیا تھا اور ابتدائی راؤنڈ کے چندمیچز عمان میں بھی کھیلے گئے تھے۔

خلیج ٹائمز کے مطابق عبدالرحمٰن فلکناز نے کہا کہ سب سے اچھی چیز یہ ہوگی کہ یہاں پاکستان اور بھارت کے میچ ہوں گے، برسوں پہلے جب شارجہ پاک-بھارت میچوں کی میزبانی کرتا تھا تو جنگ سا ماحول ہوتا تھا لیکن یہ ایک مثبت اور کھیلوں کی جنگ تھی، جو لاجواب تھی۔

سیاسی تناؤ کی وجہ سے پاکستان اور بھارت نے 2013 کے بعد سے دو طرفہ کرکٹ سیریز نہیں کھیلی، پاکستان نے آخری مرتبہ 2013 میں دو ٹی20 اور تین ون ڈے میچز کھیلنے کے لیے بھارت کا دورہ کیا تھا۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں بالی وڈ اداکار راج کپور اور مایہ ناز گلوکار لتا منگیشکر کی پاک-بھارت میچ دیکھتے ہوئے ایک یادگار تصویر— فوٹو: گلف نیوز
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں بالی وڈ اداکار راج کپور اور مایہ ناز گلوکار لتا منگیشکر کی پاک-بھارت میچ دیکھتے ہوئے ایک یادگار تصویر— فوٹو: گلف نیوز

ان کا کہنا تھاکہ مجھے یاد ہے بالی ووڈ اداکار راج کپور ایک بار اپنے اہلخانہ کے ساتھ یہاں میچ دیکھنے آئے تھے، ایوارڈ کی تقریب کے موقع پر انہوں نے مائیک تھامتے ہوئے کہا تھا کہ شارجہ میں یہ پاک-بھارت کرکٹ کی جنگ کتنی شان دار ہے، کرکٹ لوگوں کو یکجا کرتی ہے، کرکٹ نے ہمیں اکٹھا کیا ہے اور ہمیں اسی طرح رہنے دیا جائے۔

عبدالرحمٰن نے کہا کہ ہم بھی یہی کرنا چاہیں گے، اگر ہم بھارت کو پاکستان کے خلاف سال میں ایک یا دو بار یہاں آنے اور کھیلنے پر آمادہ کر سکتے ہیں تو یہ بہت اچھا ہوگا۔

دبئی میں آئی پی ایل میچز کا خیر مقدم

دبئی کرکٹ کونسل کے سربراہ نے مستقبل میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے مزید میچوں کی میزبانی کی بھی خواہش ظاہر کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2014 میں جب انتخابات کی وجہ سے آئی پی ایل کو متحدہ عرب امارات منتقل کیا گیا تھا تو ہم نے اس کا خیرمقدم کیا تھا، یہ سب بی سی سی آئی پر منحصر ہے کہ وہ فیصلہ کرے کہ وہ کیا کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ان کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں، بی سی سی آئی 2014 اور رواں سال ہماری صلاحیت دیکھ چکا ہے، 2014 میں 20 میچز کھیلے گئے تھے اور 20 میں سے 19 میچز کے تمام ٹکٹ فروخت ہوئے تھے۔

عبدالرحمٰن فلکناز نے کہا کہ میں بی سی سی آئی کو دعوت دوں گا کہ وہ آئیں اور آئی پی ایل کے مزید میچ منعقد کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں