پی ٹی آئی سینیٹر عون عباس بپی وزیراعظم کے معاون خصوصی ای کامرس مقرر

عون عباس بپی رواں برس مارچمیں سینیٹر منتخب ہوئے تھے—فوٹو: سینیٹ ویب سائٹ
عون عباس بپی رواں برس مارچمیں سینیٹر منتخب ہوئے تھے—فوٹو: سینیٹ ویب سائٹ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر عون عباس بپی کو وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے ای کامرس مقرر کردیا گیا۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عون عباس بپی کی معاون خصوصی ای کامرس کی حیثیت سے تعیناتی اعزازی بنیاد پر ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹر ایوب آفریدی مستعفی، شوکت ترین کے سینیٹر بننے کی راہ ہموار

عون عباس بپی کو رواں براس مارچ میں پنجاب سے سینیٹر منتخب کیا گیا تھا، اس سے قبل وہ پاکستان بیت المال کے مینجنگ ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

پی ٹی آئی کے محمد ایوب آفریدی کی وزیراعظم کے مشیر برائے سمندر پار پاکستانی کے طور پر تقرری کے بعد اب عون عباس بپی کو معاون خصوصی مقرر کیا گیا ہے۔

ایوب آفریدی نے گزشتہ روز سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کو چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قبول کیا تھا اور اب وہ نشست خالی ہے۔

استعفے کی منظوری کے بعد ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ان سے استعفے کی خواہش ظاہر کی تھی، جس کی وجہ سے یہ قدم اٹھایا۔

ایوب آفریدی کو چند گھنٹے بعد وزیراعظم کا مشیر برائے سمندر پار پاکستانی مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: شوکت ترین، وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ مقرر

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت مشیر خزانہ شوکت ترین کو ایوب آفریدی کی جانب سے خالی کی گئی نشست پر سینیٹر منتخب کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ ان کو وزیرخزانہ بنایا جاسکے۔

سینیٹر عون عباس بپی کی کابینہ میں شمولیت کے بعد وزیراعظم کی کابینہ کے اراکین کی تعداد بڑھ کر 53 ہوگئی ہے، جن میں 17غیر منتخب شخصیات بھی شامل ہیں۔

عون عباس بپی کی شمولیت کے بعد معاونین خصوصی کی تعداد 17 ہوگئی، 27 وفاقی وزرا اور وزرائے مملکت کی تعداد 4 ہے اور معاونین خصوصی میں سے 12 غیر منتخب ہیں۔

وزیر اعظم کے تمام 5 مشیر بھی غیر منتخب اراکین ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں