اداکارہ فاطمہ سہیل کی دوسری شادی کے سوالوں پر وضاحت

28 نومبر 2021
اداکارہ نے طلاق کے بعد اداکاری شروع کی—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے طلاق کے بعد اداکاری شروع کی—فوٹو: انسٹاگرام

محض ایک ہی ڈرامے سے شائقین کے دل جیتنے والی اداکارہ فاطمہ سہیل نے مداحوں کی جانب سے شادی کے سوالوں پر جواب دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انہوں نے تاحال دوسری شادی نہیں کی۔

فاطمہ سہیل نے پہلی شادی 2015 میں اداکار و گلوکار محسن عباس حیدر سے کی تھی، جن سے انہوں نے ستمبر 2019 میں خلع لے لی تھی، انہیں ایک تین سالہ بیٹا بھی ہے، جو ان کے ساتھ ہی رہتا ہے۔

شوہر پر تشدد کے الزامات لگانے کے بعد ان سے خلع لینے والی فاطمہ سہیل نے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا اور انہوں نے ’میرا دل، میرا دشمن‘ سے ڈیبیو کیا۔

حال ہی میں انہوں نے انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے نہ صرف اپنی پہلی شادی پر بات کی بلکہ انہوں نے دوسری شادی سے متعلق پوچھے گئے سوالوں کے بھی جوابات دیے۔

یہ بھی پڑھیں: محسن عباس حیدر اور فاطمہ سہیل کے درمیان خلع ہوگئی

زیادہ تر شائقین نے ان کی خوبصورتی اور فٹنیس کی تعریفیں کیں اور انہیں ایک بہادر لڑکی بھی قرار دیا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

بعض مداحوں نے ان سے سوال کرنے کے بجائے ان کے لیے کمنٹس کیے کہ وہ تنہا والدہ کے طور پر بیٹے کی پرورش کرکے ثابت کر رہی ہیں کہ وہ بہت ہی بہادر ہیں۔

تاہم بعض افراد نے ان سے سوالات بھی پوچھے اور ایک خاتون نے ان سے مشورہ مانگا کہ وہ کس طرح بہادر بنیں اور تنہا والدہ کے طور پر کیسے 24 سال کی عمر کی 2 بچیوں کی پرورش کریں؟

فاطمہ سہیل نے بچیوں کی پرورش کرنے والی خاتون کو اچھا پیغام دیا اور انہیں بتایا کہ زندگی ایک امتحان ہال ہے، جس میں ہر انسان کو بہتر سے بہتر کام کرنے کی کوشش کرنی چاہیے اور تھکنا نہیں چاہیے بلکہ چلتے رہنا چاہیے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اداکارہ نے خاتون کو مشورہ دیا کہ وہ ہار مارنے کے بجائے اپنے دل کی باتیں اور مسائل بچوں کو بتایا کریں۔

اسی طرح ایک مداح نے ان سے سوال کیا کہ کیا ان کی پہلی شادی محبت کی تھی یا پھر گھر والوں کی جانب سے رشتہ کرایا گیا تھا؟

فاطمہ سہیل نے مداح کو جھاڑ پلانے کے بجائے انہیں جواب دیا کہ ان کی پہلی شادی محبت کی شادی تھی۔

ایک مداح نے ان سے پوچھا کہ کیا انہوں نے شادی کرلی؟ جس پر انہوں نے ’انکار‘ میں جواب دیا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ایک فین نے اداکارہ سے سوال کیا کہ طلاق کے بعد انہیں زندگی گزارنے میں کیا مشکلات پیش آ رہی ہیں یا آئیں؟ جس پر اداکارہ نے جواب دیا کہ اگر کسی بھی شخص نے شادی یا تعلق کو بچانے کے لیے 100 فیصد کوشش کی ہو لیکن اس کے باوجود وہ اس میں ناکام رہے تو پھر اسے خود پر ملامت نہیں کرنی چاہیے۔

ان کے مطابق انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا اور اب تو یاد کرنے پر انہیں کبھی کبھی یہ یاد آتا ہے کہ انہوں نے شادی بھی کی تھی یا ان کی طلاق ہوئی تھی۔

اسی طرح ایک مداح نے ان سے سوال کیا کہ کیا وہ اس وقت کسی سے تعلقات میں ہیں یا کسی کو پسند کرتی ہیں؟ جس پر انہوں نے پیار بھرے انداز میں سوالیہ جملہ لکھا کہ وہ ’مداحوں کو سب کچھ بتادیں‘

تبصرے (0) بند ہیں