کے پی میں بلدیاتی انتخابات، ڈیرہ اسمٰعیل خان میں اے این پی امیدوار کا قتل

18 دسمبر 2021
ڈیرہ اسمٰعیل خان کے سٹی میئر کیلئے اے این پی کے امیدوار کو قتل کردیا گیا—فوٹو: سراج الدین
ڈیرہ اسمٰعیل خان کے سٹی میئر کیلئے اے این پی کے امیدوار کو قتل کردیا گیا—فوٹو: سراج الدین

خیبرپختونخوا (کےپی) میں شیڈول بلدیاتی انتخابات سے قبل ہی ڈیراسمٰعیل خان میں عوامی نیشنل پارٹی (اےاین پی) کے میئر کے امیدوار عمر خطاب شیرانی کو قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق عمر خطاب شیرانی پر ماڈل ٹاؤن تھانے کی حدود میں ان کی رہائش گاہ کے باہر نامعلوم حملہ آوروں نےفائرنگ کی اور وہ موقع پر دم توڑ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر تین اراکین اسمبلی کو جرمانہ

ڈیرہ اسمٰعیل خان کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر نجم الحسنین نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ پولیس نے معاملے کی تفتیش کا آغاز کردیا ہے اور عمر خطاب کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت قتل کے پیچھے کون ہے، یہ بتانا قبل از وقت ہوگا۔

عمر خطاب شیرانی کے قتل کےواقعے کے فوری بعد ان کے رشتہ دار اور اے این پی کے کارکنان کی بڑی تعداد ان کے گھر کے باہر جمع ہوگئے اور قتل کےخلاف احتجاج کیا۔

بعد ازاں نے میت کےساتھ ساؤتھ سرکیولر روڈ پر احتجاج کیا اور کئی گھنٹوں پر ٹریفک معطل ہوگئی۔

مقامی انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: کے پی بلدیاتی انتخابات: پی ٹی آئی وزرا، چیئرمین پی پی پی سمیت دیگر پر جرمانہ

عمر خطاب شیرانی کی نماز جنازہ مقامی کالج کے گراؤنڈ میں ادا کی گئی، جس میں وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور، اے این پی کے کارکنان اور دیگر افراد نے شرکت کی۔

مقتول کو ان کے آبائی علاقے میں سپرد خاک کردیا گیا۔

الیکشن کمیشن (ای سی پی) نے اے این پی کے میئر کے امیدوار کےقتل کےواقعے کےبعد ڈیرہ اسمٰعیل خان کے لیے شیڈول انتخاب ملتوی کردیا۔

ای سی پی سےجاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیرا اسمٰعیل خان میں صرف سٹی مئیر کا انتخاب ملتوی کردیا گیا جبکہ دیگر نشستوں کے لیے انتخابات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

خیال رہے کہ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں کل (19 دسمبر) کو بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔

ای سی پی کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے بعد دیگر 18 اضلاع میں انتخابات 16 جنوری 2022 کو ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اسد قیصر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے کلیئر قرار

مجموعی طور پر 19ہزار 282 امیدوار 2 ہزار 359 وی سی این سیز پر جنرل کونسلرز کی نشستوں پر انتخاب لڑ رہے ہیں، جبکہ وی سی این سیز کی اتنی ہی نشستوں کے لیے خواتین امیدواروں کی تعداد 3 ہزار 905 ہے۔

اسی طرح کسانوں اور مزدوروں کی نشستوں کے لیے 7 ہزار 513، نوجوانوں کے لیے 290 اور اقلیت کے لیے 282 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع کی 63 تحصیل کونسلز کے میئر یا چیئرمین کی نشستوں کے لیے 689 امیدوار میدان میں ہیں۔

جن اضلاع میں 19 دسمبر کو انتخابات ہوں گے ان میں بونیر، باجوڑ، صوابی، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک، ڈیرہ اسمٰعیل خان، بنوں، ٹانک، ہری پور، خیبر، مہمند، چارسدہ، مردان، ہنگو اور لکی مروت شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں