اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ’ای وی ایم‘ کے ذریعے ہوں گے، شبلی فراز

10 جنوری 2022
شبلی فراز نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اپوزیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے خوفزہ ہے — فوٹو: ڈان نیوز
شبلی فراز نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اپوزیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے خوفزہ ہے — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز کا کہنا ہے کہ اپریل کے وسط میں منعقد ہونے والے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے ذریعے ہوں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلے ای وی ایم سے متعلق بدگمانیاں اور خدشات تھے مگر اب ای وی ایم اگلے مرحلے میں داخل ہوچکی ہیں، اب ای وی ایم کا استعمال ایک حقیقت بننے جارہا ہے جبکہ ای وی ایم کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دیگر اراکین سے ملاقاتیں ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اب تک کسی انتخابات میں ای وی ایم کو ٹیسٹ نہیں کر سکے ہیں، اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات اچھا موقع ہے کہ اب ہم ای وی ایم کو عملی طور پر پرکھ سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر ووٹ ڈالنے کا عملی مظاہرہ

انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ اگلے ہفتے تک کچھ مشینیں الیکشن کمیشن کو مہیا کر دیں تاکہ وہ ان مشینوں کا جائزہ لے سکے، جبکہ الیکشن کمیشن کے عملے کو اگلے ہفتے مشینوں کے استعمال کی تربیت بھی دیں گے۔

شبلی فراز نے کہا کہ ای وی ایم کی بحث اب دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے، اب انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہوں گے، ای وی ایم کے لیے قانون سازی ہو چکی ہے، اپوزیشن کو چاہیے کہ ای وی ایم سے متعلق اپنا تعاون اور رائے دے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن کو تحفظات ہیں تو ان کے تحفظات اور خدشات دور کرنے کے لیے تیار ہیں، اگر اپوزیشن سمجھتی ہے کہ ای وی ایم کے استعمال میں کچھ مسائل ہیں تو ان مسائل کی نشاندہی کرے، ہم اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔

مزید پڑھیں: الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی خریداری کیلئے آرڈیننس جاری

وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اپوزیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے خوفزہ ہے، شاید اپوزیشن کو دھاندلی نہ ہونے سے خوف ہے، اگر ایسا نہیں ہے اور اپوزیشن بھی شفاف انتخابات کے لیے سنجیدہ ہے تو ای وی ایم سے متعلق اپنے خدشات حقائق کی بنیاد پر ہمارے سامنے رکھے، ہم حزب اختلاف کے تحفطات و خدشات کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد انتخابات کے عمل کو بہتر اور شفاف کرنا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی یہ دیرینہ خواہش تھی کہ الیکشن کا نظام شفاف ہو، انتخابات کا ایسا نظام وضع کیا جائے جس میں ہارنے والا دھاندلی کا رونا نہ رو سکے بلکہ نتائج کو کھلے دل کے ساتھ تسلیم کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت، الیکشن کمیشن کو مالی، انتظامی، دیگر تمام ضروری ذرائع اور وسائل مہیا کرے گی، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے جبکہ کمیشن کسی بھی متعلقہ محکمے سے اس سلسلے میں مدد بھی طلب کر سکتا ہے، اب شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکٹرانک ووٹنگ سے دھاندلی نہیں ہوگی، اپوزیشن نتائج تسلیم کرلے گی، وزیر اعظم

شبلی فراز نے کہا کہ ووٹ ایک مقدس امانت ہے، جمہوری نظام میں ووٹ کی بہت اہمیت ہے، ہر شخص کے ووٹ کی اہمیت ہے، کسی ایک شخص کا بھی ووٹ ضائع ہونا بدقسمتی ہے، گزشتہ انتخابات میں مسترد ووٹوں کی تعداد کامیاب امیدواروں کے حاصل ووٹوں کے تناسب سے زیادہ تھی، حکومت لوگوں کے ووٹ کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں آئندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھی ای وی ایم کو استعمال کیا جائے جبکہ ملک میں عام انتخابات میں استعمال کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی خریداری کے لیے ٹینڈرز طلب کیے جائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں