میوزک کنسرٹ کے دوران لڑکے کے نازیبا اشاروں پر آئمہ بیگ برہم

اپ ڈیٹ 14 جنوری 2022
گلوکارہ نے لڑکے کو جھاڑ پلادی—اسکرین شاٹ
گلوکارہ نے لڑکے کو جھاڑ پلادی—اسکرین شاٹ

’ملنگ، ڈھولا، بازی، نہ چھیڑ ملنگاں نوں، بلما بھگوڑا اور یاریاں‘ جیسے مقبول گیت گانے والی گلوکارہ آئمہ بیگ کی میوزک کنسرٹ کے دوران نازیبا اشارے کرنے والے لڑکے پر برہمی کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

گلوکارہ نے گزشتہ روز پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پنجاب گروپ آف کالجز (پی جی سی) کے کیمپس میں میوزک کنسرٹ کے دوران پرفارمنس کی تھی، جہاں ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔

آئمہ بیگ نے لاہور میں ہونے والے میوزک کنسرٹ کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ایک بار پھر پنجاب کے دارالحکومت نے ان کا دل جیت لیا۔

گلوکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں انہیں مختلف گانوں پر پرفارمنس کرتے دیکھا گیا جب کہ کنسرٹ میں بھاری تعداد میں لڑکے اور لڑکیاں دکھائی دیتی ہیں۔

اسی میوزک کنسرٹ میں گلوکارہ کی پرفارمنس کے دوران ہی ایک لڑکے کی جانب سے نازیبا اشارے کیے جانے پر آئمہ بیگ کے برہم ہونے کی ویڈیو بھی سوشل میڈی پر وائرل ہوگئی۔

وائرل ہونے والی ویڈیوز میں آئمہ بیگ نامناسب اشارے کرنے والے لڑکے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دکھائی دیتی ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آئمہ بیگ نے نازیبا اشارے کرنے والے شخص کو ’گندا کیڑا‘ قرار دیتی ہیں، جس پر کنسرٹ میں موجود دوسرے لوگ مذکورہ شخص کے خلاف نعرے بازی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

ویڈیو میں آئمہ بیگ کو کہتے ہوئے سنا اور دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ بھی لاہوری ہیں، وہ ایسے اشاروں سے ڈرنے والی نہیں ہیں، ساتھ ہی انہوں نےاشارے کرنے والے نامعلوم شخص کو جھاڑ بھی پلائی۔

گلوکارہ کی مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر آئمہ بیگ کا ہش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ بھی بن گیا۔

مذکورہ ویڈیو سے قبل گزشتہ ماہ 28 دسمبر کو بھی آئمہ بیگ کے ایک کنسرٹ کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں ایک لڑکے نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی تھی۔

گزشتہ ماہ وائرل ہونے والی ویڈیو پنجاب گروپ آف کالج فیصل آباد کے میوزک کنسرٹ کی تھی، جس میں آئمہ بیگ کی پرفارمنس کے دوران ایک لڑکے نے بدتمیزی کی تھی، جس پر گلوکارہ نےانہیں جھاڑ پلادی تھی۔

علاوہ ازیں حال ہی میں پنجاب میں ہی ایک لائیو کنسرٹ کے دوران آئمہ بیگ کے اسٹیج پر آگ بھڑک اٹھی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

chacha Jan 15, 2022 12:20am
How she picked one person out of thousands of people? Unless this guy was carrying a large banner, she should just given him benefit of a doubt...