پی ایس ایل 2022 کی پلیئنگ کنڈیشنز میں ترامیم کا اعلان

اپ ڈیٹ 25 جنوری 2022
پی ایس ایل 2022 سیزن سیون 27 جنوری سے 27 فروری تک جاری رہے گا — فائل فوٹو:پی ایس ایل ٹوئٹر
پی ایس ایل 2022 سیزن سیون 27 جنوری سے 27 فروری تک جاری رہے گا — فائل فوٹو:پی ایس ایل ٹوئٹر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 27 جنوری سے 27 فروری تک جاری رہنے والی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2022 کی پلیئنگ کنڈیشنز کا اعلان کردیا۔

لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے لیے پلیئنگ کنڈیشنز میں متعدد ترامیم کی گئی ہیں۔

ایسے وقت میں جب پاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کے خطرات منڈلا رہے ہیں اور ملک میں ’اومیکرون‘ ویرینٹ تیزی سے پھیل رہا ہے پاکستان میں کھیل کے میدان ایک بار پھر سجنے کو تیار ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ایونٹ کو کامیاب بنانے اور کھیل کو کورونا وائرس کے وار سے بچانے کے لیے کوشاں ہے، اسی سلسلے میں پی سی پی مختلف حفاظتی اقدامات کر رہا ہے۔

کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے والے ویرینٹ ’اومیکرون‘ کے باعث آنے والی وبا کی پانچویں لہر سے بچاؤ کے لیے پی سی بی کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات میں پی ایس ایل 2022 کی پلیئنگ کنڈیشنز میں ترامیم بھی شامل ہیں۔

لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے لیے پلیئنگ کنڈیشنز میں کی گئیں ترامیم مندرجہ ذیل ہیں۔

  • کسی کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں مذکورہ ٹیم تکنیکی کمیٹی کی اجازت سے ریزرو پول میں موجود کسی بھی کھلاڑی کو متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے اپنے اسکواڈ میں شامل کر سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2022 کیلئے کمنٹری پینل کا اعلان

  • کسی ٹیم کے کم از کم 13 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آجائیں تو اس ٹیم کا میچ نہیں رکے گا۔

  • ایک ایمرجنگ کرکٹر سمیت پلیئنگ الیون میں کم از کم 7 اور زیادہ سے زیادہ 8 مقامی کھلاڑی شامل ہوسکتے ہیں، تاہم کووڈ 19 کا شکار ہونے کی صورت میں ٹیم کو تمام 11 مقامی کھلاڑیوں کو بھی میدان میں اتارنے کی اجازت ہوگی.

  • فیلڈنگ سائیڈ پر لازم ہے کہ وہ اننگز کے 19 اوورز مقررہ وقت میں مکمل کرے بصورت دیگر میچ کے آخری اوور کے لیے اس ٹیم پر 30 گز کے سرکل کے باہر ایک کھلاڑی کم کھڑا کرنے کی شرط لاگو ہوگی۔

  • فائنل کے لیے ایک دن ریزرو رکھا گیا ہے، ریزرو ڈے پر بھی میچ مکمل نہ ہوسکا تو 30 لیگ میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر اوپر رہنے والی ٹیم کو چیمپئن قرار دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 2022: کووڈ کے سبب صرف 25فیصد شائقین کے ساتھ میچز کے انعقاد کا فیصلہ

  • پی سی بی کی جانب سے کئی گئی ترمیم کے مطابق ٹی وی امپائر باؤلر کی نو بال دیکھے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 2020 اور 2021 کے ایڈیشن کورونا وائرس کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئے تھے۔

پاکستان سپر لیگ 2021 چھٹے ایڈیشن کے میچز بھی کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کردیے گئے تھے اور بقیہ میچوں کو جون میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، 25 جون کو ہونے والے لیگ کے فائنل میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا تھا

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں