لتا منگیشکر کو 20 دن بعد وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا

28 جنوری 2022
اداکارہ کو نگرانی کے لیے وینٹی لیٹر کے بغیر آئی سی یو میں رکھا گیا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کو نگرانی کے لیے وینٹی لیٹر کے بغیر آئی سی یو میں رکھا گیا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بھارت کی لیجنڈری گلوکارہ 92 سالہ لتا منگیشکر کو 20 دن بعد وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا، تاہم تاحال انہیں علالت کی وجہ سے انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں ہی رکھا گیا ہے۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’نئی دہلی ٹیلی وژن‘ (این ڈی ٹی وی) کے مطابق لتا منگیشکر کے اہل خانہ اور ڈاکٹرز نے تصدیق کی کہ لیجنڈری گلوکارہ کو وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا، تاہم انہیں نگرانی کے لیے تاحال آئی سی یو میں ہی رکھا گیا ہے۔

اہل خانہ اور ڈاکٹرز کے مطابق اگرچہ لتا منگیشکر کی صحت پہلے سے اچھی ہے، تاہم وہ ایسی صورتحال میں نہیں کہ انہیں آئی سی یو سے باہر رکھا جائے۔

لتا منگیشکر کے ٹوئٹر سے بھی بتایا گیا کہ گلوکارہ تاحال انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں ہیں، تاہم انہیں وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا ہے، ساتھ ہی دعائیں کرنے پر لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔

لتا منگیشر کو رواں ماہ 8 جنوری کو ’نمونیا‘ بخار اور ’کورونا‘ کا شکار ہونے کے بعد ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال داخل کرایا گیا تھا مگر اہل خانہ نے میڈیا میں 11 جنوری کو خبر دی تھی۔

تقریبا 20 دن تک لتا منگیشکر آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر رہیں اور گزشتہ چند روز سے ان کی صحت اور زندگی سے متعلق بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر مختلف افواہیں بھی پھیلتی رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لتا منگیشکر’نمونیا‘ کے بعد کورونا کا شکار

لتا منگیشکر کی صحت کے حوالے سے پھیلنے والی خبروں پر اہل خانہ اور ڈاکٹرز نے بھی برہمی کا اظہار کیا تھا جب کہ مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے بھی لوگوں کو ان سے متعلق جھوٹی خبریں نہ پھیلانے کی اپیل کی تھی۔

لیجنڈری گلوکارہ کو سانس لینے میں مشکلات کا مسئلہ دیرینہ ہے، انہیں دسمبر 2019 میں بھی سانس لینے میں تکلیف کے باعث ایک ماہ تک ہسپتال میں رکھا گیا تھا۔

لتا منگیشکر کو بھارت کی ہر دور کی مقبول گلوکارہ مانا جاتا ہے، وہ پاکستان کے علاوہ دیگر جنوبی ایشیائی ممالک میں بھی یکساں مقبول ہے۔

ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں 28 ستمبر 1929 کو پید اہونے والی لتا منگیشکر کو ان کی گلوکاری کے عوض بھارت کے بڑے سول ایوارڈز سمیت انہیں متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں