اقوام متحدہ کا پشاور حملے کے ذمہ داران کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ

اپ ڈیٹ 05 مارچ 2022
انہوں نے پشاور واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کی — فائل فوٹو
انہوں نے پشاور واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کی — فائل فوٹو

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پشاور دھماکے کو ’خوفناک‘ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے اور واقعے میں ملوث ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایک ٹوئٹ میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ عبادت گاہیں، عبادت کے لیے ہوتی ہیں کسی کو نشانہ بنانے کے لیے نہیں ہوتی۔

انہوں نے پشاور واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق سیکریٹری جنرل نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم سے ٹیلی فونک رابطے میں واقعے پر ’شدید افسوس‘ کا اظہار بھی کیا۔

مزید پڑھیں: پشاور: نماز جمعہ کے دوران مسجد میں خودکش دھماکا، 56 افراد جاں بحق

انہوں نے منیر اکرم سے کہا کہ انہیں پشاور کے واقعے پر شدید افسوس ہے، وہ ذاتی طور پر پشاور کے حوالے سے معلومات رکھتے ہیں اور وہاں کے لوگوں نے ان کے ساتھ بہت اچھا سلوک کیا تھا۔

اقوام متحدہ کے سربراہ نے زور دیا کہ ’حملے میں ملوث ملزمان کا حساب ہونا چاہیے‘۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز پشاور میں نماز جمعہ دوران دھماکا ہوا تھا جس میں 57 افراد جاں بحق جبکہ 194 زخمی ہوئے تھے۔

انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبر پختونخوا معظم جا انصاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ حملے کے وقت پولیس موقع پر موجود تھی اور عبادت گاہ کے باہر 2 اہلکار سیکورٹی تعینات تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور: مدرسے میں دھماکا، 8 افراد جاں بحق، 110 زخمی

ان کا کہنا تھا کہ پہلے پستول سے فائرنگ اور پھر خودکش حملہ کیا گیا، دہشت گرد کالے کپڑوں میں ملبوس تھا جبکہ دھماکے میں 5 سے 6 کلوگرام دھماکا خیز مواد استعمال ہوا۔

آئی جی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ دھماکے کے حوالے سے کوئی پیشگی اطلاع نہیں تھی جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک دہشت گرد کو دیکھا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں