آئی سی سی نے راولپنڈی ٹیسٹ کی وکٹ کو غیرمعیاری قرار دے دیا

10 مارچ 2022
آئی سی سی نے راولپنڈی ٹیسٹ کی وکٹ کو اوسط درجے سے کمتر قرار دیا— فوٹو بشکریہ آئی سی سی
آئی سی سی نے راولپنڈی ٹیسٹ کی وکٹ کو اوسط درجے سے کمتر قرار دیا— فوٹو بشکریہ آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کی وکٹ کو غیرمعیاری قرار دے دیا ہے۔

آئی سی سی میچ ریفری نے راولپنڈی ٹیسٹ کی وکٹ کو اوسط درجے سے کمتر قرار دیا جس کے بعد اس ٹیسٹ سینٹر کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ڈیوڈ وارنر کراچی ٹیسٹ میں بہتر وکٹ کی تیاری کے لیے پرامید

اس حوالے سے میچ ریفری رنجن مدوگالے نے کہا کہ ٹیسٹ کے پانچ دن کے دوران وکٹ کا طرز عمل بالکل بھی تبدیل نہیں ہوا اور باؤنس قدرے کم رہنے کے باوجود وکٹ کہیں سے بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ وکٹ میں فاسٹ باؤلرز کے لیے کوئی تیزی یا باؤنس نہیں تھا اور نہ ہی اس نے میچ میں اسپنرز کو کسی قسم کی معاونت فراہم کی۔

ان کا کہنا تھا کہ وکت نے بلے اور گیند کے درمیان کسی قسم کی مسابقت قائم نہ ہونے دی لہٰذا آئی سی سی کی ہدایات کی روشنی میں اس وکٹ کو غیرمعیاری قرار دیا جاتا ہے۔

وکٹ کے حوالے سے آئی سی سی کی یہ رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں دونوں ٹیموں کے بلے بازوں نے رنز کے انبار لگا دیے البتہ باؤلرز کے لیے اس وکٹ پر کامیابی حاصل کرنا محال ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں: فہیم اشرف کووڈ-19 کا شکار ہو کر آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ سے بھی باہر

پاکستان نے پہلی اننگز امام الحق اور اظہر علی کی سنچریوں کی بدولت 476 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی جس کے جواب میں آسٹریلیا نے بھی پہلی اننگز میں 459رنز بنائے تھے۔

پاکستانی اوپنرز نے دوسری اننگز میں مہمان باؤلرز کو تختہ مشق بناتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے 252 رنز بنائے تھے اور میچ ڈرا ہو گیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ ہفتے سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں