ایپل کے آئی فون 14 سیریز سے منی ماڈل کو نکالے جانے کا امکان

15 مارچ 2022
آئی فون 13 سیریز — فوٹو بشکریہ ایپل
آئی فون 13 سیریز — فوٹو بشکریہ ایپل

ایپل کے آئی فون 14 سیریز کو ستمبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے مگر اس کے حوالے سے لیکس کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

اب ایک نئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی فون 14 سیریز میں آئی فون 14 منی کو پیش نہیں کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق اگرچہ آئی فون 14 سیریز بھی 4 فونز پر مشتمل ہوگی مگر اس میں 5.4 انچ ڈسپلے والا ماڈل شامل نہیں ہوگا۔

اس سے قبل رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 12 منی لوگوں کی زیادہ توجہ حاصل نہیں کرسکا تھا اور اسی وجہ سے اب افواہیں سامنے آرہی ہیں کہ آئی فون 14 سیریز میں منی ماڈل پیش نہیں کیا جائے گا۔

آئی فون 12 منی کو 2020 میں 729 ڈالرز میں متعارف کرایا گیا تھا اور اس قیمت میں یہ بجٹ فون قرار نہیں دیا جاسکتا۔

آئی فون 14 سیریز کو 2 کیٹیگریز میں تقسیم کیے جانے کا امکان ہے جن میں سے 2 ماڈلز میں 2021 کے اے 15 بائیونک پراسیسر کو استعمال کیا جائے گا۔

دیگر 2 فونز کے لیے نئے اے 16 پراسیسر کا استعمال کیا جائے گا۔

اس طرح یہ پہلی بار ہوگا جب آئی فونز ایک دوسرے سے نمایاں حد تک مختلف ہوں گے جیسا سام سنگ فونز میں ہوتا ہے۔

ایسی افواہیں بھی ہیں کہ آئی فون 14 سیریز میں ایپل کی جانب سے سیٹلائیٹ کمیونیکشن کنکٹویٹی کا فیچر بھی متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

ویسے تو توقع کی جارہی تھی کہ یہ فیچر آئی فون 13 سیریز کا حصہ ہوگا مگر یہ التوا کا شکار ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق اس فیچر کے تحت صارفین ایسے مقامات پر بھی ایمرجنسی کالز اور میسجز بھیج سکیں گے جہاں سیلولر کوریج نہیں ہوگی۔

ایپل کی جانب سے اس نئی رپورٹ پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا اور یہ کمپنی عام طور پر اس طرح کی افواہوں پر کوئی بیان جاری نہیں کرتی۔

تبصرے (0) بند ہیں