تحریک عدم اعتماد میں جیت ہو یا ہار، فائدہ عمران خان کو ہی ہوگا، شیخ رشید

اپ ڈیٹ 16 مارچ 2022
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کرنا وزارت داخلہ کی ذمہ داری ہے— فوٹو: ڈان نیوز
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کرنا وزارت داخلہ کی ذمہ داری ہے— فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر حکومت جیتے یا ہارے اس سے فائدہ عمران خان کو ہی ہوگا کیونکہ وہ عوام میں پہلے سے زیادہ مقبولیت حاصل کرچکے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شیخ رشید نے مولانا فضل الرحمٰن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کا احترام کرتے ہیں آپ دین کے رہنما ہیں لیکن جو زبان آپ استعمال کر رہے ہیں اس سے اگر ملک میں خانہ جنگی اور انارکی پیدا ہوئی تو اس کی قیمت آپ کو ادا کرنی ہوگی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان جیتے یا ہارے فائدہ عمران خان کا ہی ہوگا، عمران خان انشااللہ جیتیں گے، ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: اگر معاملات حل نہ ہوئے تو دما دم مست قلندر ہوگا، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ میں 3 ماہ سے کہہ رہا ہوں اپوزیشن 23 کو نہیں 25 مارچ کو اسلام آباد پہنچے گی، آپ ہماری انتظامیہ سے بات کریں وہ آپ کو محفوظ راستے فراہم کرتے ہوئے مکمل سیکیورٹی دے گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے پہلے بھی جلسہ کیا تھا، اگر آپ بھی 27 مارچ کو جلسہ کرنا چاہتے ہیں تو کریں، کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن کسی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کرنا وزارت داخلہ کا کام ہے اور ہم یہ کام کر کے دکھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں پہلے بھی کئی بار کہہ چکا ہوں کہ پاکستان کو اندورنی و بیرونی خطرات ہیں اور سیکیورٹی خدشات کو دیکھنا صرف حکومت کا ہی نہیں بلکہ اپوزیشن کا کام بھی ہے، کہیں ایسا نہ ہو کہ عدم اعتماد ملک کو جمہوری عدم استحکام اور عدم اطمینان کی طرف منتقل کردے۔

مزید پڑھیں: جو عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوگا، اللہ بھی اسے عزت دے گا، قوم بھی، شیخ رشید

بات جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایسا ہوا تو اس کی سزا آپ (اپوزیشن) کو ملے گی، آپ 10 سال تک چوکوں پر اذانیں دیں گے آپ کی بات نہیں سنی جائے گی، پاکستان قیامت تک قائم رہنے کے لیے بنا ہے، پاکستان کی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے باصلاحیت ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ کسی کو قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائےگی، ہم آپ کو چھیڑیں گے نہ آپ قانون کو چھیڑیں گے، اگر آپ قانون کو چھیڑیں گے تو ہم آپ کو نہیں چھوڑیں گے، چاہے اس کا نتیجہ کچھ بھی نکلے۔

تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اتحادیوں سے مذاکرات سے متعلق ایک سوال کے جواب پر ان کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتوں سے پرویز خٹک ان کے بھائی لیاقت خٹک اور اسد عمر بات کر رہے ہیں، میرا مذاکرات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، ان اتحادیوں سے عمران خان کا ساتھ دینے کی درخواست ضرور کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں: اسپیکر 'فلور کراسنگ' کرنے والے رکن کو نااہل قرار دے سکتا ہے، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ 25 مارچ سے سیاست کھل کر سامنے آجائے گی، اتحادیوں کا بھی علم ہوجائے گا کہ کون حکومت کے ساتھ ہے اور اس وقت عمران خان کی مقبولیت کا نیا دور بھی شروع ہوجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں یہ بات حلفاً کہنے کو تیار ہوں کہ عمران خان پچھلے تین ہفتوں میں عوام میں زیادہ مقبول ہوئے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ پورا پاکستان عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے اور تحریک عدم اعتماد کے نتائج پر یہ بات سب کو معلوم ہوجائے گی، میں سیاسی بصیرت میں عمران خان کو جیتتا ہوا دیکھ رہا ہوں۔

تبصرے (0) بند ہیں