لکی مروت: سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن میں 4 دہشت گرد ہلاک، ایک گرفتار

29 مارچ 2022
بیان میں کہا گیا کہ یہ دہشت گرد 22 جنوری کو ایک ایف سی اہلکار کی شہادت میں بھی ملوث تھے— فائل/ فوٹو: اے ایف پی
بیان میں کہا گیا کہ یہ دہشت گرد 22 جنوری کو ایک ایف سی اہلکار کی شہادت میں بھی ملوث تھے— فائل/ فوٹو: اے ایف پی

خیبرپختونخوا (کے پی) کے ضلع بنوں کی تحصل لکی مروت میں سیکورٹی فورسز کے مشترکہ سرچ آپریشن اور فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک دہشتگرد کو گرفتار کرلیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 28 اور 29 مارچ کی درمانی شب فوج اور پولیس نے لکی مروت کے علاقے شیری خیل میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر مشترکہ آپریشن کیا۔

شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے اور ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا، مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت دہشت گرد کمانڈر ساجد، علیم، آفتاب اور فضل الرحمٰن کے نام سے ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: پاک فوج کی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک

بیان میں بتایا گیا کہ مارے گئے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ مارے گئے دہشت گرد معصوم شہریوں اور سیکورٹی فورسز کے خلاف اغوا اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہے، یہ دہشت گرد 22 جنوری کو ایک ایف سی اہلکار کی شہادت میں بھی ملوث تھے۔

علاقے کے مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہا اور علاقے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے جھلر فورٹ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

مزید پڑھیں: سبی: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق 27 اور 28 مارچ 2022 کی رات سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع جھلر فورٹ کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ 'کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی شناخت زار سعد اللہ کے نام سے ہوئی'۔

اس سے قبل 26 مارچ کو بلوچستان کے علاقے سبی میں سیکیورٹی فورسز کی نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرکے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی شہید ہوا۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے شہر سبی کے قریب نگاؤ پہاڑوں کے عام علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی۔

یہ بھی پڑھیں: باجوڑ: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 دہشت گرد ہلاک

قبل ازیں 21 مارچ کو بھی خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے بلورو میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ 2 جوانوں سمیت 5 افراد شہید ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ پاک فوج کی جانب سے 10 مارچ کو بھی وزیرستان کے قبائلی اضلاع میں خفیہ اطلاعات پر دو آپریشنز کیے گئے تھے، جس میں 4 دہشت گرد مارے گئے تھے اور ان سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا تھا۔

یاد رہے اس سے قبل سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 26 فروری کو خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیر ستان کے علاقے اسپن وام میں خفیہ اطلاعات پر سیکیورٹی آپریشن کیا گیا تھا جس میں ایک دہشت گرد کو ہلاک ہوا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں