پیپلز پارٹی کے راجا پرویز اشرف قومی اسمبلی کے اسپیکر کیلئے واحد امیدوار

اپ ڈیٹ 15 اپريل 2022
راجا پرویز اشرف کے مقابلے میں کسی نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے— فائل/فوٹو: ڈان
راجا پرویز اشرف کے مقابلے میں کسی نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے— فائل/فوٹو: ڈان

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رکن قومی اسمبلی و سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کے بلامقابلہ قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہونے کا امکان ہے جہاں وہ واحد امیدوار ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے اسپیکر اسد قیصر کی جانب سے استعفے کے بعد خالی عہدے کے لیے پی پی پی کے راجا پرویز اشرف نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔

مزید پڑھیں: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

قومی اسمبلی کے سیکریٹریٹ میں اسپیکر کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے مقررہ وقت تک راجا پرویز اشرف کے علاوہ کسی اور امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔

راجا پرویز اشرف کے مقابلے میں اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے کوئی امیدوار میدان میں نہیں اترا اور قومی اسملی سیکریٹریٹ کے ذرائع کے مطابق راجا پرویز اشرف بلا مقابلا اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ راجا پرویز اشرف کے اسپیکر منتخب ہونے سے متعلق نوٹی فکیشن قواعد کے مطابق جاری کیا جائے گا۔

راجا پرویز اشرف کے بطور قومی اسمبلی امیدوار تجویز اور تائید کنندہ پی پی پی اراکین قومی اسمبلی خورشید شاہ اور نوید قمر تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے انکار کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفے کا اعلان کردیا تھا۔

اسد قیصر نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے حوالے سے جاری اجلاس میں طویل وقفے کے بعد قومی اسمبلی میں آکر کہا تھا کہ زمینی حقائق اور نئی دستاویزات کے تحت میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں اسپیکر کے عہدے پر قائم نہیں رہ سکتا اور استعفیٰ دے رہا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع

انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے غیر ملکی مداخلت اور حکومتی تبدیلی کے لیے دھمکی آمیز خط کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور خط کو سنجیدہ قرار دیا تھا۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ کابینہ کی جانب سے مجھے نئی دستاویز موصول ہوئی ہے، یہ دستاویز میرے دفتر میں موجود ہے، قائد حزب اختلاف یہ دستاویز دیکھنا چاہیں تو دیکھ سکتے ہیں جبکہ یہ دستاویز چیف جسٹس کو بھی دکھائی جائے گی اور اس بیرونی سازش کے خلاف پاکستان کے ساتھ سب کو کھڑا ہونا چاہیے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اس وقت کی اپوزیشن نے وزیر اعظم عمران خان اور سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی تھی۔

اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی کے سیکریٹری کو مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کی جانب سے جمع کرائی گئی، جس میں 100 سے زائد اراکین قومی اسمبلی کے دستخط موجود تھے۔

مرتضیٰ جاوید عباسی نے اس حوالے سے کہا تھا کہ اسپیکر اسد قیصر کے خلاف تحریک جمع نہ کرواتے تو اپوزیشن کے لیے مسائل پیدا ہو سکتے تھے، تحریک جمع ہونے کے بعد اب اجلاس 7 روز تک ملتوی نہیں کیا جا سکتا۔

بعد ازاں اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی جس پر تاحال ووٹنگ نہیں ہوئی۔

عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد شہباز شریف وزارت عظمیٰ کے لیے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار تھے اور بعد ازاں ووٹنگ میں وہ وزیر اعظم منتخب ہوئے۔

شہباز شریف کے وزیر اعظم بننے کے بعد اتحادی جماعتوں کو مختلف وزارتیں اور عہدے دیے جانے کا امکان ہے اور اب تک قومی اسمبلی کے اسپیکر کا عہدہ پیپلز پارٹی کو دیا گیا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

faisal Apr 16, 2022 09:34am
intehai sharam aur afsos ka maqam hay!!! aisay aisay log bhi loud speaker banain ge ??? kam az kam character or previous record hi dekh lo.... is se to acha tha mujhe speaker bana dete