حلف برداری سے انکار، نومنتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کا عدالت سے رجوع

اپ ڈیٹ 19 اپريل 2022
حمزہ شہباز کی درخواست میں گورنر پنجاب اور چیف سیکریٹری پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
حمزہ شہباز کی درخواست میں گورنر پنجاب اور چیف سیکریٹری پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے وزیر اعلیٰ پنجاب کی حلف برداری سے انکار پر حمزہ شہباز نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

نومنتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے اعظم نذیر تارڑ اور عطااللہ تارڑ کے توسط سے لاہور ہائی کورٹ میں آئینی درخواست دائر کی ہے۔

حمزہ شہباز کی درخواست میں گورنر پنجاب اور چیف سیکریٹری پنجاب کو فریق بنایا گیا۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز 17 اپریل کو 197 ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہوئے تھے، قانون کے مطابق گورنر پنجاب نے ان کے عہدے کا حلف لینا تھا لیکن گورنر نے حلف لینے سے انکار کردیا تھا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ گورنر اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کر کے آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، لاہور ہائی کورٹ گورنر پنجاب کو حلف لینے کے احکامات جاری کرے۔

مزید پڑھیں: حلف لینے سے انکار، حمزہ شہباز کا گورنر پنجاب کیخلاف عدالت جانے کا فیصلہ

خیال رہے گزشتہ ہفتے کے آخری روز گورنر نے پنجاب اسمبلی کے سیکریٹری کی رپورٹ کے بعد حمزہ شہباز کی درخواست پر حلف لینے سے انکار کردیا تھا۔

پنجاب اسمبلی کے سیکریٹری کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ان کے سامنے پیش کی جانے والی لاہور ہائی کورٹ کی ہدایات اور ’حقائق‘ نے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کی صداقت پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

گورنر نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ ’میں نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کو خط لکھتے ہوئے سیکریٹری کی رپورٹ پر ان کا بیانیہ طلب کیا ہے، لاہور ہائی کورٹ کی ہدایات اور دیگر حقائق کے بعد حلف برداری کی تقریب منعقد کروانے کے حوالے سے میرا ذہن تذبذب کا شکار ہے‘۔

مزید پڑھیں: گورنر پنجاب نے نومنتخب وزیر اعلیٰ کی تقریب حلف برداری مؤخر کردی

ایڈووکیٹ جنرل احمد اویس نے ڈان کو بتایا کہ وہ (آج) منگل کو گورنر کو اپنی رائے سے آگاہ کریں گے کہ وزیر اعلیٰ کا انتخاب قانون کے مطابق یا اس کے خلاف ہوا ہے۔

تاہم مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطااللہ تارڑ نے کہا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر کو ہدایت دی تھی کہ وہ 16 اپریل کو وزیر اعلیٰ کے انتخاب کی ووٹنگ کروائیں، حلف برداری بھی عدالتی حکم کا حصہ ہے جس سے گورنر نے انکار کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ لاہور ہائی کورٹ اپنے حکم کا نفاذ کرے۔

عطا اللہ تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت درخواست گزار حمزہ شہباز ان کی حلف برداری سے انکار پر گورنر کے ’غیر قانونی‘ عمل کے خلاف کارروائی کا مطالبہ نہیں کر رہے ہیں، بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ نئے وزیر اعلیٰ سے فوری طور پر حلف لیا جائے۔

پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے ہفتے کے اختتام میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے دوران غنڈہ گردی پر رپورٹ تیار کرنے سے متعلق ’معطل سیکریٹری‘ کے حق پر سوال اٹھایا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں