خیبر پختونخوا میں آج سرکاری سطح پر عید الفطر منائی جارہی ہے

اپ ڈیٹ 02 مئ 2022
خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی نے عید الفطر 3 مئی کو منانے کا اعلان کیا ہے— فوٹو: اے ایف پی
خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی نے عید الفطر 3 مئی کو منانے کا اعلان کیا ہے— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں مذہبی عقیدت و احترام سے آج سرکاری سطح پر عید الفطر منائی جارہی ہے، ملک کے دیگرصوبوں میں کل (منگل) کو عید الفطر منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

گزشتہ رات صوبے میں غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے بعد آج نمازِ عید کی ادائیگی کی گئی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے گورنر ہاوس کی مسجد میں نماز عید ادا کی۔

صوبائی کابینہ اراکین شوکت یوسفزئی اور عارف احمدزئی سمیت چیف سیکریٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، کمشنر پشاور ریاض محسود اور دیگر سرکاری حکام نے بھی وزیر اعلی کے ہمراہ نماز عید ادا کی۔

اس موقع پر ملک کی سلامتی اور خوشحالی، قومی یکجہتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں ایک روز قبل عید منانے کی روایت برقرار

علاوہ ازیں خیبرپختونخوا کے وزیر تعلیم کامران بنگش، عوامی نیشنل پارٹی کے سینٹر ہدایت اللہ اور غلام بلور نے پشاور کی مرکزی عید گاہ میں نماز ادا کی۔

ہزارہ ڈویژن میں عید الفطر 3 مئی کو منانے کا اعلان

دریں اثنا، خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی نے کہا ہے کہ ہزارہ ڈویژن میں اپنی روایت اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق عید الفطر 3 مئی کو منائی جائے گی۔

ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق ہزارہ میں عید الفطر 3 مئی کو منائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہزارہ کی شروع سے روایت رہی ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق عید منائیں اور روزہ رکھیں۔

مشتاق غنی کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ علمائے کرام سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے، اس مسئلے کو متنازع نہیں بنانا چاہیے، پرانے وقتوں میں بھی ایک شہر میں عید ہوتی تھی تو دوسرے میں روزے رکھا جاتا تھا۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا: بعض علاقوں میں آج عید

انہوں نے کہا کہ جن علما کرام نے پشاور میں عید کا اعلان کیا ہم ان کا بھی احترام کرتے ہیں۔

شہاب الدین پوپلزئی اور خیبر پختونخوا حکومت کا عید کا اعلان

دریں اثنا گزشتہ روز ایک غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کی سربراہی کرنے والے مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے خیبر پختونخوا میں آج (پیر) کو عید منانے کا اعلان کیا تھا۔

مذکورہ اعلان نماز مغرب کے بعد پشاور میں واقع تاریخی قاسم علی خان مسجد میں منعقدہ کمیٹی کے اجلاس کے اختتام پر کیا گیا تھا۔

مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہمیں پشاور سے چاند دکھنے کی 16 شہادتیں موصول ہوئی ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ چاند دکھنے کے حوالے سے دیگر اضلاع کی مقامی کمیٹیوں کو فون پر شہادتیں موصول ہوئی ہیں، جن اضلاع سے شہادتیں موصول ہوئیں ان میں باجوڑ، مہمند، دیر، جنوبی و شمالی وزیرستان سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’ہمیں صوبہ سندھ اور بلوچستان سے بھی چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت کا عید الفطر پر 4 چھٹیوں کا اعلان

علاوہ ازیں چار سدہ، بنوں سمیت دیگر اضلاع میں بھی چاند نظر آنے کے اعلانات کیے گئے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر محمد علی سیف نے بھی گزشتہ شب عید منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ خیبرپختونخوا بھر میں 2 مئی بروز پیر کو عید الفطر منائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر سے چاند نظر آنے کی 130شہادتیں موصول ہوئی ہیں، اس لیے صوبائی حکومت نے پیر کو سرکاری طور پر عید منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ اتوار کو چاند نظر آنے کا امکان انتہائی معدوم ہے۔

علاوہ ازیں سعودی عرب سمیت تمام خلیجی ممالک میں بھی گزشتہ روز شوال کا چاند نظر آنے بعد آج عیدالفطر جارہی ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

جنید طاہر May 02, 2022 05:54pm
خیبر پختو نخواہ حکومت کا بہت ہی افسوس ناک فیصلہ ہے