اداکار شہریار منور اور سجل علی کی جانب سے فیشن میگزین ’ہیلو‘ کے لیے کرائے گئے فوٹوشوٹ کی تصاویر وائرل ہونے پر انہیں تنقید کا سامنا ہے۔

دونوں اداکاروں نے چند دن قبل فیشن میگزین کے لیے کرائے گئے فوشوٹ کی تصاویر شیئر کی تھیں، جن میں دونوں کو رومانوی انداز میں دیکھا جا سکتا ہے۔

دونوں کے فوٹوشوٹ پر شائقین نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ان پر سخت تنقید کی۔

—لوگوں نے دونوں کو تنقید کا نشانہ بنایا—اسکرین شاٹ
—لوگوں نے دونوں کو تنقید کا نشانہ بنایا—اسکرین شاٹ

لوگوں نے شہریار منور کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کمنٹس کیے کہ وہ ہمیشہ طلاق یافتہ اداکاراؤں کے ساتھ ہی بولڈ فوٹوشوٹ کرواتے ہیں۔

اسی طرح کچھ افراد نے ان کے فوٹوشوٹ کو سماجی روایات کے خلاف قرار دیتے ہوئے ان کے لیے سخت زبان کا استعمال بھی کیا۔

تاہم شہریار منور نے تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے لوگوں کے لیے لکھا کہ وہ یہ بات یاد رکھیں کہ وہ اداکار ہیں جن کا کام کرداروں کو ادا کرنا ہوتا ہے۔

شہریار منور نے فوٹوشوٹ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس قدر نرگسیت اور خودپسندی پر مبنی فوٹوشوٹ کے پیچھے رومانوی تعلقات اور جوڑوں کے درمیان تشدد اور اختلافات کو دکھانے کی کہانی چھپی ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فوٹوشوٹ کا مقصد معروف فیشن، ادب اور شوبز کی جوڑیوں کے درمیان رومانس اور ان کے تعلقات میں آنے والے اختلافات، شادیوں، لڑائی جھگڑے اور پھر طلاقوں کے واقعات کو دکھانا تھا۔

شہریار منور کے مطابق فوٹوشوٹ کا خیال امریکی اداکار آرتھر ملر اور مارلن منرو کے رومانوی تعلقات سے لے کر کمال امروہی اور روحی بانو کی محبت، شادی اور پھر اختلافات جیسی کہانیوں سے لیا گیا تھا۔

ان کے مطابق فوٹوشوٹ میں دکھایا گیا ہے کہ کس قدر ایک دوسرے سے محبت کرنے والی شخصیات بھی اپنے ہی سحر اور خودپسندی میں گم رہتی ہیں اور اپنے ساتھی کو اہمیت ہی نہیں دیتیں۔

انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ شائقین بھی ان کی تصاویر کو دیکھ کر اتنا ہی محظوظ ہوئے ہوں گے، جتنا وہ اور سجل علی فوٹوشوٹ کرواتے وقت خوش ہوئے۔

شہریار منور کی طرح سجل علی نے بھی اپنے انسٹاگرام پر تصاویر کو شیئر کیا اور لوگوں نے ان کی پوسٹس پر کمنٹس کرتے ہوئے ان پر بھی نہایت کھلے الفاظ میں تنقید کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں