فرانس نے خاتون کو حجاب پہننے سے روک کر امتیازی سلوک کیا، اقوام متحدہ

اپ ڈیٹ 05 اگست 2022
دستاویز کے مطابق اسکول ہیڈ ٹیچر نے نعیمہ کو اسکارف پہن کر اسکول میں داخل ہونے سے روکا —فوٹو: رائٹرز
دستاویز کے مطابق اسکول ہیڈ ٹیچر نے نعیمہ کو اسکارف پہن کر اسکول میں داخل ہونے سے روکا —فوٹو: رائٹرز

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی نے قرار دیا ہے کہ فرانس نے مسلم خاتون کو سرکاری اسکول میں پیشہ وارانہ تربیت کے دوران اسکارف پہن کر شرکت سے روک کر امتیازی سلوک کا نشانہ بنایا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق 2010 میں، نعیمہ میزہود جن کی عمر اب 45 سال ہے، ان کو ریاست کے ہائی اسکول میں منعقد ہونے والے کورس میں مینجمنٹ اسسٹنٹ کی تربیت دی جانی تھی جہاں قانون کے مطابق نوجوان لڑکیوں کے حجاب پہننے پر پابندی عائد ہے۔

رائٹرز کی جانب سے مشاہدہ کی گئی دستاویز کے مطابق جب نعیمہ میزہود وہاں پہنچیں تو پیرس کے مضافات میں واقع اسکول کے ہیڈ ٹیچر نے انہیں اسکول میں داخل ہونے سے روک دیا۔

یہ بھی پڑھیں: فرانس میں حجاب پر مجوزہ پابندی کیخلاف مسلمان خواتین کا آن لائن احتجاج

اس واقعے سے 6 سال قبل 2004 میں فرانس نے ریاستی اسکولوں میں طلبہ کے حجاب اور دیگر مذہبی علامتی لباس اور اشیا پہننے پر پابندی عائد کردی تھی۔

نعیمہ میزہود نے استدلال کیا کہ اعلیٰ تعلیم کی طالبہ کے طور پر انہیں اس قانون کے تحت نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے تھا۔

دستاویز کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی نے قرار دیا کہ نعیمہ میزہود کو سر پر اسکارف پہن کر تربیت میں حصہ لینے کی اجازت دینے سے انکار صنفی اور مذہبی بنیادوں پر مبنی امتیازی سلوک تھا۔

اقوام متحدہ کے دفتر میں موجود ذرائع نے اس رپورٹ کو قابل اعتماد قرار دیا۔

مزید پڑھیں: فرانس میں حجاب پر پابندی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، اقوام متحدہ

فرانس کی وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ نے فوری طور پر اس رپورٹ کے دعوؤں پر ردعمل دینے کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کیے گئے اس انکشاف کے ممکنہ اثرات کیا ہوں گے، یہ ابھی فوری طور پر واضح نہیں ہے۔

پیرس انسٹی ٹیوٹ آف پولیٹیکل اسٹڈیز کے آزادی سے متعلق قوانین کے ماہر نکولس ہیرویو نے دستاویز پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ قانونی نظیر کے مطابق اس بات کا امکان نہیں ہے کہ فرانس کمیٹی کے فیصلے کو مانے گا۔

فرانس، یورپ کی سب سے بڑی مسلم اقلیتی آبادی والے ممالک میں سے ایک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فرانس میں کھیلوں میں حجاب کے استعمال پر پابندی کے حق میں ووٹنگ

فرانس نے برسوں سے سیکولرازم کی حقیقی شکل کے تحفظ کے لیے بنائے گئے سخت قوانین کا اطلاق کیا ہے، فرانس میں سیکولرازم کو لیسِٹ کہا جاتا ہے جس کے بارے میں صدر ایمانوئیل میکرون نے دعویٰ کیا تھا کہ اسے اسلام سے خطرہ ہے۔

کچھ مسلم تنظیموں اور انسانی حقوق کے گروپس الزام لگاتے ہیں کہ ان قوانین نے مسلمانوں کو نشانہ بنایا ہے، ان کا جمہوری تحفظ چھین لیا ہے اور انہیں بدسلوکی کا آسان ہدف بنا دیا ہے۔

نعیمہ میزہود نے فرانسیسی عدالتوں میں متعدد اپیلیں مسترد ہونے کے بعد اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی سے رجوع کیا تھا۔

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمیٹی نے کہا کہ فرانس نے مذہبی آزادی سے متعلق شہری اور سیاسی حقوق کے عالمی معاہدے کے آرٹیکل 18 اور 26 کی خلاف ورزی کی ہے۔

مزید پڑھیں: اسپورٹس کمپنی نے فرانس میں حجاب کی فروخت بند کردی

نعیمہ میزہود کے وکیل نے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ اس فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ انسانی حقوق کے عالمی ادارے بھی اسلام کے حوالے سے فرانس کی پالیسیوں کے ناقد ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فرانسیسی اداروں کو اقوام متحدہ کے فیصلے کی تعمیل و تکمیل کرنی ہوگی۔

اقوام متحدہ کی کمیٹی کے فیصلے کے بعد فرانس کے پاس اب نعیمہ میزہود کو مالی طور پر معاوضہ اور زرتلافی دینے کے لیے 6 ماہ کا وقت ہے اور اگر نعیمہ اب بھی چاہیں تو فرانس انہیں پیشہ وارانہ کورس کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔

اس کے ساتھ ملک کو یہ یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کرنا ہوں گے کہ عالمی قوانین کی ایسی خلاف ورزیاں دوبارہ نہ ہوں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Salazar Aug 04, 2022 05:06pm
Modern Nazis.. Why don't you ask them to wear a star as well, while you are at it. There's nothing right about the right wing.