لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سجاد غنی کی بطور واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) چیئرمین تعیناتی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا اور درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔

لاہور ہائی کورٹ میں شہری محمد دانیال نذیر راٹھور نے میاں داؤد ایڈووکیٹ کے ذریعے چیئرمین واپڈا کی تعیناتی کے خلاف آئینی درخواست دائر کی، جس کو رجسٹرار آفس نے سماعت کے لیے مقرر کردی ہے۔۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد وحید کل (17 اگست) کو واپڈا چیئرمین کی تعیناتی کے خلاف درخواست پر سماعت کریں گے۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سجاد غنی کی تعیناتی میرٹ اور قانون کی خلاف ورزی ہے، وفاقی حکومت منظور نظر افراد کو اہم عہدوں پر تعینات کر کے نواز رہی ہے۔

مزید پڑھیں: لیفٹیننٹ جنرل(ر) سجاد غنی نے بطور چیئرمین واپڈا چارج سنبھال لیا

انہوں نے درخواست میں کہا ہے کہ چیئرمین واپڈا سجاد غنی کی تعیناتی کے لیے کسی قانون، میرٹ اور شفافیت کو مدنظر نہیں رکھا گیا، چیئرمین واپڈا کی تعیناتی کے لیے شفافیت کے قانونی اصول کی بھی خلاف ورزی کی گئی۔

شہری نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سجاد غنی کی بطور چیئرمین واپڈا تعیناتی کے لیے آئینی تقاضوں کی بھی خلاف ورزی کی گئی ہے حالانکہ اعلیٰ عدلیہ اہم اداروں میں تعیناتیوں کا اصول وضع کر چکی ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سجاد غنی کی تعیناتی غیرآئینی قرار دے کر کالعدم قرار دی جائے۔

درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت آبی وسائل اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے نئے تعینات ہونے والے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے 12 اگست کو اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا تھا۔

—فوٹو: علی وقار
—فوٹو: علی وقار

اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ لیفٹننٹ جنرل(ر) سجاد غنی نے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں اور وہ واپڈا کے 23 ویں چیئرمین بن گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نوید اصغر کو چیئرمین واپڈا مقرر کرنے کا فیصلہ، سمری وزیر اعظم کو ارسال

چیئرمیں واپڈا نے بیچلر آف انجینئرنگ کی ڈگری ملیٹری انجینئرنگ کالج سے 1984 میں حاصل کیا، جس کے بعد 1990 میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور سے سول انجینئرنگ میں ماسٹرز کی ڈگری لی۔

انہوں نے پاک فوج میں انجینئرنگ کور کے کمانڈدر اور کوارٹرماسٹر جنرل پاکستان آرمی کے طور پر فرائض انجام دیں جہاں ان کی زیرسرپرستی کئی میگا تعمیراتی پروجیکٹس مکمل ہوئے۔

لیفٹیننٹ جنرل(ر) سجاد غنی نے 1978 میں پاک فوج کی انجینئرنگ کور میں کمیشن حاصل کی اور انفینٹری بریگیڈ اور سوات آپریشن کے دوران انفینٹری ڈویژن کی کمانڈ کی۔

مزید پڑھیں: کالا باغ ڈیم کے حامی واپڈا کے چیئرمین مستعفی

یاد رہے کہ سابق چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے 7 مئی 2022 کو عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، انہوں نے پانچ سال چیئرمین واپڈا کے عہدے پر خدمات انجام دی تھیں۔

لفٹیننٹ جنرل(ر) مزمل حسین کو 24 اگست 2016 کو اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے ظفر محمود کی جگہ چیئرمین واپڈا تعینات کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں