سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو 10 ارب ڈالر درکار ہیں، احسن اقبال

اپ ڈیٹ 30 اگست 2022
احسن اقبال نے کہا کہ دنیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کی مدد کرے —فوٹو: رائٹرز
احسن اقبال نے کہا کہ دنیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کی مدد کرے —فوٹو: رائٹرز

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو مون سون کی بارشوں سے تباہ ہونے والے انفرا اسٹرکچر کی مرمت اور تعمیر نو کے لیے 10 ارب ڈالر سے زیادہ کی ضرورت ہے۔

خبر رساں ادارے ’ اے ایف پی‘ سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ خاص طور پر ٹیلی کمیونیکیشن، سڑکوں، زراعت اور معاش کے شعبے میں انفرا اسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

احسن اقبال کے بیان اس تبصرے کا تسلسل ہے جو انہوں نے ایک روز قبل خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے ساتھ شیئر کیا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ سیلاب سے ہونے والے نقصان کی بھاری قیمت ادا کرنی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: سیلاب کے باعث پاکستان کو 10 ارب ڈالر کے نقصان کا تخمینہ

وفاقی وزیر نے کہا کہ ’اب تک ابتدائی تخمینہ یہی ہے کہ یہ نقصان بہت بڑا ہے جو کہ تقریباً 10 ارب ڈالر سے زیادہ ہے، تقریباً 10 لاکھ گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’لوگ حقیقتاً اپنا مکمل ذریعہ معاش کھو چکے ہیں، حالیہ سیلاب کو 2010 میں پاکستان میں آنے والے سیلاب کے مقابلے میں زیادہ بدترین قرار دیا گیا ہے‘۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تعمیر نو اور بحالی میں 5 برس لگ سکتے ہیں جبکہ مستقبل قریب میں قوم کو خوراک کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مزید پڑھیں: سیلاب سے متاثرہ کسانوں کی مدد کیلئے اسٹیٹ بینک کا زرعی قرضوں کیلئے 18 کھرب روپے کا ہدف

قبل ازیں وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل بھی کہہ چکے ہیں کہ سیلاب سے ملک کی پہلے سے ہی مشکلات کا شکار معیشت کے مختلف شعبوں کو کم از کم 10 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا ہے جو ملکی معیشت کا تقریباً 3 فیصد بنتا ہے۔

یہ تخمینے ایسے وقت میں سامنے آرہے ہیں جب پاکستان طوفانی بارشوں اور بدترین سیلاب کے اثرات سے دوچار ہے جس نے ایک ہزار سے زائد جانیں لے لی ہیں، 3 کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو متاثر کیا جو کہ ملک کی آبادی کا تقریباً 15 فیصد بنتا ہے۔

مزید برآں ملک کو غذائی تحفظ کے ایک سنگین بحران کا سامنا ہے، جس میں فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا اور مویشی بہہ گئے۔

’دنیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کی مدد کرے‘

دریں اثنا وفاقی حکومت نے اس صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے مناسب ادارہ جاتی ردعمل فراہم کرنے کے لیے نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں وفاقی وزرا، مسلح افواج کے نمائندے، وزرائے اعلیٰ اور ماہرین شامل ہوں گے۔

پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر امداد کی اپیل کی ہے اور چند ممالک پہلے ہی امداد اور رسیکیو ٹیمیں بھیج چکے ہیں۔

اقوام متحدہ پاکستان کو ضروری اشیائے خورونوش اور نقد امداد فراہم کرنے کے لیے آج 16 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی 'فوری اپیل' کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بارشوں اور سیلاب سے ملک کے ہر صوبے میں تباہی

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ انہیں امید ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) جیسے مالیاتی ادارے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے درکار معاشی اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے امداد فراہم کریں گے۔

تاہم احسن اقبال نے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ مالی مدد کے لیے کسی بھی باضابطہ درخواست کے لیے اس وقت تک انتظار کرنا پڑے گا جب تک کہ نقصان کا درست تخمینہ معلوم نہ ہو جائے، اس کے لیے پاکستان اب عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سمیت دیگر شراکت داروں کے ساتھ جائزہ لے رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا پاکستان کی مقروض ہے جو کہ ترقی یافتہ دنیا کی غیر ذمہ دارانہ ترقی کی وجہ سے موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہے، دنیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد کرے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی مالی معاونت کیلئے نئی ڈیڈ لائن دے دی

ان کا کہنا تھا کہ ’عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ انفرااسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے اور ماحولیاتی تبدیلی کے مطابق اسے مزید لچکدار بنانے میں پاکستان کی مدد کرے تاکہ ہمیں ہر 3، 4، 5 سال بعد اس طرح کا نقصان نہ اٹھانا پڑے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’وہ علاقے جہاں پہلے بارشیں ہوتی تھیں وہاں اب بارشیں نہیں ہو رہیں اور جن علاقوں میں بہت ہلکی بارش ہوتی تھی وہاں اب بہت زیادہ بارشیں ہو رہی ہیں‘۔

احسن اقبال نے کہا کہ ’جنوبی پاکستان میں کپاس کی 45 فیصد فصلیں بہہ گئی ہیں، گندم کی ابتدائی کاشتکاری بھی اس سے متاثر ہوئی کیونکہ زمین کا بڑا حصہ پانی میں ڈوب گیا اور چاول کے کھیتوں کے ساتھ ساتھ سبزیوں اور پھلوں کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا‘۔

تبصرے (0) بند ہیں