اقوام متحدہ نے چین کے خطے سنکیانگ میں مبینہ طور پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اہم رپورٹ جاری کرتے ہوئے تشدد کے الزامات کو درست قرار دیا ہے اور اس عمل کو انسانیت کے خلاف ممکنہ جرائم کا حوالہ دیا ہے مگر اس کو نسل کشی کہنے سے گریز کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق طویل عرصے کے بعد جاری ہونے والی رپورٹ میں چین کے دور دراز مغربی خطے سنکیانگ میں ایغور مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے ذکر کے ساتھ ساتھ سرگرم گروپوں، مغربی ممالک میں جلاوطن ایغور کمیونٹی کی طرف سے طویل عرصے سے لگائے جانے والے بہت سے الزامات پر اقوام متحدہ کی مہر لگائی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: ایغور مسلمانوں سے غیرانسانی سلوک، امریکا کا چین کی 28 کمپنیوں پر پابندی کا اعلان

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایغور کمیونٹی اور دیگر مسلمان برادریوں کے اراکین کے ساتھ ناروا سلوک اور امتیازی حراست بین الاقوامی جرائم، خاص طور پر انسانیت کے خلاف جرائم کو جنم دے سکتے ہیں۔

رپورٹ میں عالمی برادری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اب دنیا کو سنکیانگ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی صورتحال پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔

اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کی سربراہ مشل بیچلیٹ نے فیصلہ کیا کہ سنکیانگ کے ایغور خود مختار خطے میں صورتحال کی مکمل تشخیص کی ضرورت ہے۔

اقوام متحدہ کی اس رپورٹ کو تیار ہونے میں ایک سال لگا ہے اور رپورٹ جاری ہونے کی چین نے سخت مخالفت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ کیلئے سنکیانگ کا دروازہ کھلا ہے، نسل کشی کا الزام مسترد کرتے ہیں، چین

مشل بیچلیٹ نے عزم کیا تھا کہ یہ رپورٹ رواں سال اگست میں ان کے اقوام متحدہ میں بحیثیت سربراہ انسانی حقوق کی مدت پوری ہونے سے قبل جاری کی جائے گی اور انہوں نے جنیوا میں کچھ وقت گزارتے ہوئے 13 منٹس میں رپورٹ جاری کرکے ایسا ہی کیا۔

اے ایف پی کو لکھی گئی ای میل میں مشل بیچلیٹ نے کہا کہ ’میں نے کہا تھا کہ اپنی مدت پوری ہونے سے قبل میں یہ رپورٹ جاری کروں گی اور میں نے کر دکھایا۔‘

انہوں نے کہا کہ کچھ ریاستوں کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو سیاست کی نظر کرنا مددگار ثابت نہیں ہوگا۔

مزید پڑھیں: مسلمانوں کے ساتھ رویے پر امریکی تنقید 'بےمعنی' ہے، چین

تشدد کے الزامات ’قابل اعتبار‘

چین پر کافی عرصے سے اپنے اس خطے میں ایغور برادری سمیت دیگر 10 لاکھ افراد کو حراست میں رکھنے کا الزام عائد کیا جارہا ہے جبکہ بیجنگ سختی سے ان الزامات کی تردید کرتا آیا ہے اور وضاحت پیش کی ہے کہ انتہا پسندی کی روک تھام کے لیے پیشہ ورانہ مراکز چلائے جارہے ہیں۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چینی حکومت کی جانب سے انسداد دہشت گردی اور انسداد انتہا پسندی کی حکمت عملیوں کے اطلاق کے تناظر میں سنکیانگ کے خود مختار ایغور خطے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایغور مسلمانوں پر جبر: امریکا کا چینی حکام کے ویزے روکنے کا اعلان

تشخیص میں چین کے نام نہاد پیشہ ورانہ تعلیمی اور تربیتی مراکز میں قید لوگوں کے علاج پر سنگین خدشات کا اظہار کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تشدد یا بدسلوکی کے الزامات، بشمول جبری طبی علاج اور حراست کے منفی حالات، قابل اعتبار ہیں، جیسا کہ جنسی اور صنفی بنیاد پر تشدد کے انفرادی واقعات کے الزامات سامنے آئے ہیں۔

تاہم اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ چین کے پیشہ ورانہ تعلیمی و تربیتی مراکز میں کتنے لوگ متاثر ہیں مگر اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ پورے خطے میں یہ سسٹم وسیع پیمانے پر پھیلا ہوا ہے۔

’جھوٹ اور غلط معلومات’

جنیوا میں چین کے مشن نے اس رپورٹ پر سخت تنقید کی اور اسے جاری کرنے کے خلاف اپنی سخت مخالفت کو برقرار رکھتے ہوئے سنکیانگ کی صوبائی حکومت کی جانب سے خطے میں بیجنگ کی پالیسیوں کا دفاع کرنے والی 121 صفحات پر مشتمل دستاویز شیئر کی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’چین مخالف قوتوں کی طرف سے من گھڑت جھوٹ اور غلط معلومات کی بنیاد پر مبنی نام نہاد 'تشخیص' چین کے قوانین اور پالیسیوں کو مسخ کرتی ہے، اور چین کے خلاف بے بنیاد الزام تراشی کرتی ہے، جبکہ یہ چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے۔‘

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ ’سنکیانگ میں تمام نسلی گروہوں کے لوگ امن اور اطمینان کے ساتھ خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں، یہ انسانی حقوق کا سب سے بڑا تحفظ اور انسانی حقوق کا بہترین عمل ہے۔‘

غیر سرکاری تنظیموں اور مہم گروپوں کا کہنا ہے کہ رپورٹ کو مزید کارروائی کے لیے لانچ پیڈ کے طور پر کام کرنا چاہیے۔

مزید پڑھیں: ایغور مسلمانوں پر جبر، ٹرمپ نے چین پر دباؤ ڈالنے کیلئے بل پر دستخط کردیے

ایغور ہیومن رائٹس پروجیکٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عمر کنات نے کہا کہ یہ رپورٹ ایغور بحران پر بین الاقوامی ردعمل کے لیے گیم چینجر ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی حکومت کے سخت تردیدوں کے باوجود، اقوام متحدہ نے اب باضابطہ طور پر تسلیم کیا ہے کہ خطے میں ہولناک جرائم ہو رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے الزمات اور چین کا جواب

اقوام متحدہ نے اپنی رپورٹ میں چین پر جو الزامات عائد کیے ہیں وہ یہ ہیں۔

  • وسیع پیمانے پر لوگوں کو حراست میں رکھنا
  • حراست میں رکھے گئے لوگوں پر جسمانی تشدد
  • جبری نس بندی اور اسقاط حمل
  • مذہبی آزادی کی سنگین خلاف ورزیاں
  • جبری مشقت کروانا

تاہم چین نے اقوام متحدہ کے ان تمام الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیشہ ورانہ مراکز میں تربیت یافتہ افراد آزادانہ طور پر اپنی ملازمتوں کا انتخاب کر سکتے ہیں جبکہ گریجوایٹ افراد اجرت کما رہے ہیں اور خوشحال زندگی گزار رہے ہیں۔

ایغور کون ہیں؟

چین کے جنوبی صوبے سنکیانگ میں مسلم اقلیتی برادری 'ایغور' آباد ہیں جو صوبے کی آبادی کا 45 فیصد ہیں۔

مزید پڑھیں: سنکیانگ کے معاملے پر عالمی طاقتوں کی چین پر تنقید

سنکیانگ سرکاری طور پر چین میں تبت کی طرح خودمختار علاقہ کہلاتا ہے۔

کئی سال سے ایسی خبریں گردش کر رہی ہیں کہ ایغور سمیت دیگر مسلم اقلیتوں کو سنکیانگ صوبے میں قید کرلیا جاتا ہے لیکن چین کی حکومت ان خبروں کو مسترد کر رہی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں