چین : ناک کے ذریعے دی جانے والی کورونا ویکسین کی منظوری

اپ ڈیٹ 05 ستمبر 2022
چین میں حال ہی میں کورونا کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھا گیا ہے — فوٹو: رائٹرز
چین میں حال ہی میں کورونا کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھا گیا ہے — فوٹو: رائٹرز

چینی کمپنی کینسائنو بائیولوجکس نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اس کی سانس کے ذریعے دی جانے والی ویکسین کو ملک کے ڈرگ ریگولیٹر نے ہنگامی طور پر بوسٹر کے طور پر استعمال کرنے کی منظوری دے دی ہے جس سے اس کے کاروبار کو ممکنہ طور پر فائدہ ہوگا۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق کمپنی نے بتایا کہ کینسائنو کی حال ہی میں تیار کردہ اس ویکسین کو نیشنل میڈیکل پروڈکٹس ایڈمنسٹریشن کی جانب سے مثبت اشارہ مل گیا ہے۔

کینسائنو بائیولوجکس نے کہا کہ ’اگر یہ ویکسین بعد میں متعلقہ سرکاری ایجنسیوں کے ذریعے خریدی اور استعمال کی جائے تو اس کی منظوری کا کمپنی کی کارکردگی پر مثبت اثر پڑے گا‘۔

یہ بھی پڑھیں: ناک کے ذریعے ایک خوراک والی کورونا ویکسین کے ٹرائل کے لیے پروٹوکول پر کام شروع

تاہم کمپنی نے خبردار کیا کہ اس ویکسین کو چین میں ان دیگر ویکسینز سے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑے گا جنہیں حکومتی منظوری مل چکی ہے یا ان کے کلینیکل ٹرائل جاری ہیں۔

چین نے لائیوزون فارماسوٹیکل گروپ کی کورونا ویکسین کے ایک بوسٹر کے طور پر ہنگامی استعمال کی اجازت دی ہے، یہ ایک سال سے زائد عرصے میں اس بیماری کے خلاف منظور ہونے والی صرف 2 نئی ویکسینز میں سے ایک ہے۔

کینسائنو بائیولوجکس نے مزید کہا کہ یہ واضح نہیں کہ اس کی ویکسین کب مارکیٹ میں متعارف کروائی جاسکے گی کیونکہ اضافی انتظامی منظوریوں کی ابھی ضرورت ہے جبکہ فروخت کا انحصار اندرون اور بیرون ملک کورونا کی صورتحال کے ساتھ ساتھ چین میں ویکسی نیشن کی شرح پر ہوگا۔

مزید پڑھیں: ناک کے ذریعے دی جانے والی کووڈ 19 ویکسین سے متعلق اہم پیش رفت

چین میں حال ہی میں کورونا کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھا گیا ہے، چین کے ٹیکنالوجی ہب شینزین کے بیشتر حصوں میں گزشتہ ہفتے کے آخر میں لاک ڈاؤن نافذ کیا جبکہ چینگڈو کے جنوب مغربی میٹروپولیس میں جمعرات کو لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا۔

چین میں 3 ستمبر کو کورونا وائرس کے ایک ہزار 848 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں علامتی اور غیر علامتی انفیکشن دونوں شامل ہیں، اس سے ایک روز قبل نئے کیسز کی تعداد ایک ہزار 988 تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں