ترکیہ سے امدادی سامان کی 2 ٹرینیں پاکستان پہنچ گئیں

اپ ڈیٹ 19 ستمبر 2022
پانچویں ٹرین 20 ستمبر کو ترکیہ سے روانہ ہوگی جس میں 811 ٹن امدادی سامان 39 ویگن میں لوڈ کیا جائے گا — فوٹو: پاکستان ریلوے
پانچویں ٹرین 20 ستمبر کو ترکیہ سے روانہ ہوگی جس میں 811 ٹن امدادی سامان 39 ویگن میں لوڈ کیا جائے گا — فوٹو: پاکستان ریلوے

ترکیہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان سے لدی 2 ٹرینیں پاکستان پہنچ گئیں اور آنے والے دنوں میں ترکیہ کی مزید 8 ٹرینیں امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچنے کو تیار ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ایران کے شہر زاہدان میں پہلی ٹرین کے ذریعے موصول ہونے والے امدادی سامان کی ترسیل کے بعد 2 پاکستانی ٹرینوں میں سامان لاد کر تفتان کے ذریعے دالبندین پہنچایا گیا، بعد ازاں امدادی سامان کو بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں تقسیم کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: دشوار گزار پہاڑی علاقے میں امدادی سامان پھینکنے پر مجبور تھے، بلوچستان حکومت

واضح رہے کہ ترکیہ سے دوسری ٹرین کے ذریعے امدادی سامان پاکستان پہنچایا گیا ہے جو سندھ، جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

پاکستان ریلوے حکام کے مطابق 16 ستمبر کو ترکیہ کی پہلی ٹرین سے 3 ہزار 100 خیمے، 6 ہزار 870 کمبل، 2 ہزار 864 خوراک کے پیکجز، کپڑے، آٹا اور دیگر اشیا پہنچائی گئی تھیں، یہ امدادی سامان متعلقہ حکام نے ضلع چاغی کے شہر دالبندین سے ٹرکوں کے ذریعے اُتھل، خضدار، اُچ، ڈیرہ مراد جمالی اور پشین کے علاقوں میں روانہ کیا تھا۔

حکام کا کہنا تھا کہ ’پہلی ٹرین 30 اگست کو ترکیہ کے شہر انقرہ سے روانہ ہوئی جس کے بعد اگلے دن ایک اور ٹرین روانہ کی گئی جبکہ تیسری ٹرین 6 ستمبر کو روانہ ہوئی، جس کے بعد اگلے دن ایک اور ٹرین روانہ ہوئی، حکام کا کہنا تھا کہ 6 اور 7 ستمبر کو جو ٹرین روانہ ہوئیں تھیں وہ زاہدان پہنچنے والی ہیں جہاں پاکستانی ٹرین یا ویگن میں ترسیل کرنے کے بعد امدادی سامان پاکستان منتقل کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: سیلاب زدگان کیلئے امدادی سامان لے کر اقوام متحدہ کی 2 پروازیں کراچی پہنچ گئیں

حکام کا کہنا تھا کہ پانچویں ٹرین 20 ستمبر کو ترکیہ سے روانہ ہوگی جس میں 811 ٹن امدادی سامان 39 ویگن میں لوڈ کیا جائے گا، چھٹی اور ساتویں ٹرین 22 ستمبر کو (ایک ہزار 73 ٹن امدادی سامان 47 ویگن میں)، آٹھویں ٹرین 27 ستمبر کو (450 ٹن امدادی سامان 27 ویگن میں)، نویں ٹرین 29 ستمبر کو (500 ٹن امدادی سامان 29 ویگن میں) جبکہ دسویں ٹرین 4 اکتوبر کو (166 ٹن امدادی سامان 7 ویگن میں) روانہ ہوگی۔

حکام نے مزید کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے متعلقہ حکام کے ساتھ بنائے گئے منصوبے کے تحت دیگر ترکیہ کی ٹرینوں میں موجود امدادی سامان پاکستان پہنچنے کے بعد تمام صوبوں کے سیلاب زدگان میں تقسیم کیا جائے گا، حکام کا کہنا تھا کہ ’کوئٹہ میں اس حوالے سے ایک تقریب بھی منعقد کی جائے گی جہاں ترکیہ کے حکام امدادی سامان ترکیہ کے حکام کے حوالے کریں گے‘۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے جنگ سے متاثرہ یوکرین کیلئے مزید امدادی سامان بھیج دیا

واضح رہے کہ پاکستان ریلوے لائن ٹریک زاہدان تک پھیلا ہوا ہے، زاہدان کے بعد معیاری سطح پر ریل موجود ہے جو عام طور پر ایران، ترکیہ اور یورپ میں ریل کی آمدورفت کے لیے استعمال ہوتی ہے، اسی لیے پاکستان، ایران یا ترکیہ سے بھیجے جانے والے سامان کی ترسیل ہمیشہ زاہدان ریلوے اسٹیشن سے کی جاتی ہے۔

ہر ٹرین میں سامان کی ترسیل کے عمل میں ایک یا 2 دن لگتے ہیں، اس لیے تفتان کے راستے دالبندین پہنچنے والے امدادی سامان کو ریل نیٹ ورک کے ذریعے آگے نہیں پہنچایا جاسکتا، کیونکہ چند مقامات میں پٹری کو سیلاب کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں