ایل او سی پر فائرنگ، خاتون ہلاک
مظفر آباد: پاکستان حکام نے اتوار کو ہندوستانی فوج پر سرحد پار گولہ باری کا الزام عائد کیا ہے جسکے دوران ایک خاتون ہلاک جبکہ سات شہری زخمی ہوگئے ہیں۔
مقامی حکومتی افسر مسعود الرحمان نے بتایا کہ 'لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک جبکہ کم از کم سات دیہاتی زخمی ہوگئے'۔
پانچ اگست کو پانچ ہندوستانی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سے یہ پاکستان میں جھڑپوں کے درمیان ہلاکت کا پانچواں واقعہ تھا۔
نیو دہلی نے واقعے کا الزام پاکستانی فوج پر عائد کیا تھا تاہم اسلام آباد نے اس دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے مذاکرات کی دعوت دی تھی۔
رحمان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ نیکال سیکٹر میں پیش آیا تھا جو کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کا دارالحکومت ہے جبکہ یہ سلسلہ رات بھر وقفے وقفے سے جاری رہا۔
انہوں نے اے ایف پی ٹیلی فون پر بتایا کہ واقعے میں تین مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ ایک گھر اور ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔
مقامی پولیس چیف چوہدری مجید نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
اس علاقے کے ارکان پارلیمنٹ نے کہا کہ ہندوستان کی فائرنگ کی وجہ سے مقامی افراد میں خوف پایا جاتا ہے جن کی تعداد 50 ہزار کے قریب ہے اور جنکو اب شاید محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونا پڑے گا۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی ے اگلے مہینے نیو یارک میں اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے ہندوستانی ہم منصب من موہن سنگھ کے درمیان متوقع ملاقات میں کسی پیش رفت کے امکان کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
مبصرین کا خیال ہے کہ دونوں ممالک افغانستان میں اثر و رسوخ قائم کرنا چاہتے ہیں جسکی وجہ سے کشیدگی جاری رہ سکتی ہے جہاں سے نیٹو افواج 2014ء میں انخلا کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔