کراچی میں ڈینگی سے 30 اموات، نظر ثانی شدہ اعداد و شمار سے ماہرین صحت کا شک درست ثابت

23 ستمبر 2022
ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ محکمہ صحت کے حکام ان اعداد و شمار کو مزید درست بنانے کے لیے کوشاں ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز
ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ محکمہ صحت کے حکام ان اعداد و شمار کو مزید درست بنانے کے لیے کوشاں ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز

ڈینگی کیسز کے سرکاری اعداد و شمار پر ماہرین صحت کے تحفظات اس وقت مزید تقویت پا گئے جب محکمہ صحت سندھ نے اموات کی تعداد پر نظر ثانی کرتے ہوئے اعلان کیا کہ رواں سال کراچی میں ڈینگی سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 30 ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق تازہ اعداد و شمار میں محکمہ صحت سندھ کے حکام نے تسلیم کیا کہ رواں ماہ ڈینگی بخار کی پیچیدگیوں کے باعث مزید 3 افراد جاں بحق ہوئے، جس سے کراچی میں ہلاکتوں کی تعداد 30 ہوگئی جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں مزید 297 افراد کا ڈینگی ٹیسٹ مثبت آیا۔

اعداد و شمار میں کہا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ کے دیگر حصوں میں ڈینگی بخار سے موت نہیں ہوئی۔

مزید پڑھیں: کراچی میں ڈینگی سے 27 اموات، ماہرینِ صحت کا اعدادوشمار پر شکوک کا اظہار

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ ڈینگی کے سبب گھروں میں مرنے والے افراد کا ڈیٹا اکٹھا نہیں کیا جا رہا، کئی ہسپتال اور لیبز محکمہ صحت کو روزانہ کی بنیاد پر ڈینگی کیسز کی تعداد سے آگاہ نہیں کر رہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے تمام ہسپتال اور لیبز کو سیل کر دیے جانے کے انتباہ کے بعد ڈیٹا اکٹھا کرنے کی صورتحال میں بہتری آئی ہے لیکن بہت سے لوگ اب بھی تعاون نہیں کر رہے۔

انہوں نے کراچی یونیورسٹی میں ایک کانفرنس کے موقع پر صحافیوں کو بتایا سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن اور محکمہ صحت کے حکام ان اعداد و شمار کو مزید درست بنانے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: ستمبر کے مہینے میں ڈینگی بخار سے 4 شہری جاں بحق

دوسری جانب محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 297 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ صوبے میں مجموعی طور پر 402 افراد کے ڈینگی ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے حکام کا کہنا ہے کہ ’کُل کیسز میں سے ضلع شرقی میں 82، ضلع وسطی میں 66، کورنگی میں 86، ضلع جنوبی میں 25، ضلع غربی میں 11، ملیر میں 25 اور کیماڑی میں 2 افراد کے ڈینگی ٹیسٹ مثبت آئے ہیں‘۔

اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ صرف کراچی میں رواں ماہ اب تک ڈینگی کے 3 ہزار 843 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد شہر میں رواں سال ڈینگی کے کُل کیسز کی تعداد 6 ہزار 50 ہوگئی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں