کراچی: غیرت کے نام پر بہن کو قتل کرنے والے 2 بھائی گرفتار

اپ ڈیٹ 28 ستمبر 2022
ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے کہا کہ خاتون کو نام نہاد غیرت کے نام پر قتل کیا گیا— رائٹرز فائل فوٹو
ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے کہا کہ خاتون کو نام نہاد غیرت کے نام پر قتل کیا گیا— رائٹرز فائل فوٹو

کراچی کے علاقے لانڈھی کی فیوچر کالونی میں نوجوان خاتون کی مسخ شدہ لاش اس کے گھر سے برآمد ہوئی جب کہ پولیس نے دعویٰ کیا کہ خاتون کو مبینہ طور پر اس کے بھائیوں نے نام نہاد غیرت کے نام پر قتل کیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق شرافی گوٹھ پولیس نے بتایا کہ 30 سالہ سمیرا افتخار کی لاش اس کے گھر سے برآمد ہوئی، اسے کسی بھاری اوزار کے متعدد وار کرکے قتل کیا گیا اور اس کے جسم پر تشدد کے نشانات ہیں، ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ لاش تقریباً 25 روز پرانی ہے۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے کہا کہ خاتون کو نام نہاد غیرت کے نام پر قتل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: شاہراہ فیصل پر ’ٹارگٹ کلنگ‘، نوجوان جاں بحق

ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے مقتولہ کے 2 بھائیوں کو قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے مقتولہ کے بھائیوں 27 سالہ یاسر اور 22 سالہ وقاص کو حراست میں لیا جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران نام نہاد غیرت کے نام پر اپنی بہن کو قتل کرنے کا ’اعتراف‘ کیا۔

لاش کو قانونی ضابطوں کی تکمیل کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) منتقل کر دیا گیا۔

ایس ایس پی ملیر نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کے والد پیر کی رات شرافی گوٹھ تھانے آئے اور پولیس کو اطلاع دی کہ اس کی بیٹی طویل عرصے سے لاپتا تھی، وہ اس کے گھر گیا تو گھر لاک تھا، جب وہ تالا توڑ کر گھر میں گیا تو بیٹی کو مردہ پایا۔

مزید پڑھیں: کراچی: مشتعل ہجوم کے ہاتھوں 2 مشتبہ ’ڈاکو‘ ہلاک

ایس ایس پی ملیر نے بتایا کہ پولیس نے گرفتار بھائیوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

مقابلے میں مشتبہ شخص ہلاک، کانسٹیبل زخمی

سپر ہائی وے کے قریب مقابلے میں ایک مشتبہ ڈکیت گولی لگنے سے ہلاک جب کہ پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔

ایس ایس پی ایسٹ سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق اللہ بخش گوٹھ میں 2 ملزمان ڈکیتی کے ادارے سے گھوم رہے تھے کہ پولیس نے انہیں رکنے کا اشارہ کیا جس پر انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔

سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق پولیس اور ڈکیتوں کے درمیان ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا جن کی شناخت محمد اسلم اور محمد ارشد کے نام سے ہوئی۔

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار اسلم شدید زخمی ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: مشتعل ہجوم کا تشدد، دو ڈاکو ہلاک

اس دوران وہاں لوگ جمع ہوگئے جنہوں نے ملزمان کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

دونوں زخمی ملزمان جو بھائی آپس میں بتائے جاتے ہیں، کو عباسی شہید اسپتال (اے ایس ایچ) منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے محمد اسلم کو مردہ قرار دے دیا۔

زخمی پولیس اہلکار کو آغا خان یونیورسٹی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت میں بہتری بتائی جاتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں