بھارتی حکومت نے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت کے 9 ماہ بعد ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل انیل چوہان کو دوسرا چیف آف ڈیفنس اسٹاف مقرر کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جنرل ریٹائرڈ انیل چوہان عہدہ سنبھالنے کے بعد محکمہ فوجی امور کے سیکریٹری کے طور پر بھی خدمات سرانجام دیں گے۔

اس سے قبل دسمبر 2021 میں بھارت کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت سمیت 13 افراد ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔

61 سالہ لیفٹیننٹ جنرل انیل چوہان مئی 2021 میں ریٹائرمنٹ سے قبل ایسٹرن کمانڈ چیف تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک

رائٹرز نے رپورٹ میں بتایا کہ بھارت میں اگلے ڈیفنس چیف کے حوالے سے جاری قیاس آرائیوں کے کئی مہینوں بعد ان کا تقرر کیا گیا ہے۔

جنرل بپن راوت نے بھارت کے آرمی چیف کے فرائض سرانجام دینے کے بعد 31 دسمبر 2019 کو بھارت کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا منصب سنبھالا تھا۔

بھارتی فضائیہ نے کہا تھا کہ ‘جنرل بپن راوت، اپنی اہلیہ مدھولیکا راوت اور دیگر 11 افراد کے ہمراہ ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج ولنگٹن (نیلگری ہلز) میں اسٹاف کورس کے اساتذہ اور طلبہ سے خطاب کے لیے جا رہے تھے، اس وقت بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں