خلیل الرحمٰن قمر نے تنقید کے بعد مجھ سے معافی بھی مانگی تھی، عروہ حسین

05 اکتوبر 2022
معافی کی ویڈیو وائرل نہیں کی گئی، اداکارہ کا شکوہ—فوٹو: انسٹاگرام
معافی کی ویڈیو وائرل نہیں کی گئی، اداکارہ کا شکوہ—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ عروہ حسین نے کہا ہے کہ ماضی میں جہاں ڈراما و فلم نگار خلیل الرحمٰن قمر ان سے ناراض ہوئے تھے اور انہیں برا بھلا کہا تھا، وہیں انہوں نے ان سے معافی بھی مانگی تھی مگر ان کی معافی مانگنے کی ویڈیو وائرل نہیں کی گئی۔

عروہ حسین کے انٹرویو کی کلپ ایکسپریس ٹی وی کے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی، جو کہ ’ٹائم آؤٹ ود احسن خان‘ شو کی کلپ تھی۔

مختصر دورانیے کی کلپ میں عروہ حسین نے واضح کیا کہ انہوں نے خلیل الرحمٰن کی لکھی ہوئی فلم ’کاف کنگنا‘ میں کام کرنے سے انکار نہیں کیا تھا بلکہ جس وقت فلم کی شوٹنگ شروع ہوئی، اس وقت وہ دوسرے منصوبے میں مصروف تھیں، جس وجہ سے وہ اس میں کام نہیں کر پائیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی جانب سے ’کاف کنگنا‘ میں کام نہ کیے جانے پر خلیل الرحمٰن قمر ان پر بہت ناراض ہوئے تھے اور ٹی وی پر آکر انہیں برا بھلا بھی کہا تھا۔

اداکارہ کے مطابق جہاں خلیل الرحمٰن قمر نے ان پر تنقید کی تھی، وہیں انہوں نے انہیں چھوٹی بہن بھی قرار دیا تھا۔

عروہ حسین نے دعویٰ کیا کہ ٹی وی پر تنقید کے بعد خلیل الرحمٰن قمر ان کے گھر آئے تھے اور انہوں نے اداکارہ سے معافی بھی مانگی تھی۔

اداکارہ کے مطابق خلیل الرحمٰن قمر نے ان کی بیٹی کو گلے لگایا اور ان سے معذرت کی، جس پر اداکارہ نے ان سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹی وی پر معافی مانگیں۔

عروہ حسین کا کہنا تھا کہ ان کے مطالبے پر خلیل الرحمٰن قمر نے ان سے معافی کی کلپ بھی بنائی جو کہ بدقسمتی سے اتنی زیادہ وائرل نہیں ہوئی، کیوں کہ وہ مثبت ویڈیو تھی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ڈراما و فلم نگار نے انہیں اپنی بیٹی قرار دیتے ہوئے ان سے معافی مانگے اور انہیں گلے بھی لگایا۔

خیال رہے کہ خلیل الرحمٰن قمر نے 2018 میں مختلف انٹرویوز میں عروہ حسین پر تنقید کرتے ہوئے ان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو انتہائی خوفناک قرار دیا تھا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ انہوں نے عروہ حسین کو ان کے شوہر گلوکار فرحان سعید کے کہنے پر اپنی فلم ’کاف کنگنا‘ میں سوہائے علی ابڑو کی جگہ کاسٹ کیا مگر اداکارہ نے ان کی عزت نہیں کی اور ان کے ساتھ کام نہیں کیا، جس پر انہیں شدید دکھ پہنچا۔

خلیل الرحمٰن قمر کی فلم ’کاف کنگنا‘ 2019 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں عائشہ عمر اور ایشل فیاض نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، فلم کی دیگر کاسٹ میں سمیع خان، نیلم منیر، صبا حمید اور صبا فیصل شامل تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں