ملالہ یوسف زئی جوائے لینڈ کی ایگزیکٹو پروڈیوسر بن گئیں

اپ ڈیٹ 06 اکتوبر 2022
فلم نے کانز فیسٹیول میں ایوارڈ بھی جیتا تھا—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: انسٹاگرام
فلم نے کانز فیسٹیول میں ایوارڈ بھی جیتا تھا—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: انسٹاگرام

حال ہی میں فلم پروڈکشن میں قدم رکھنے والی نوبیل انعام یافتہ سماجی رہنما و پروڈیوسر ملالہ یوسف زئی نے پاکستان کی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے ’آسکر‘ کے لیے نامزد کی گئی عالمی ایوارڈ یافتہ فلم ’جوائے لینڈ‘ کی ایگزیکٹو پروڈیوسر بن گئیں۔

’جوائے لینڈ‘ کو اگرچہ پاکستان میں تاحال ریلیز نہیں کیا گیا مگر اسے کانز اور ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں پیش کیا جا چکا ہے اور اسے پاکستان کی آسکر سلیکشن کمیٹی کی جانب سے غیر ملکی فلم کی کیٹیگری میں پاکستانی فلم کے طور پر منتخب کیا گیاہے۔

’جوائے لینڈ‘ کو عالمی فلم فیسٹیولز میں پیش کیے جانے اور اسے آسکر کے لیے منتخب کیے جانے کے بعد ملالہ یوسف زئی اس کی ایگزیکٹو پروڈیوسر بنی ہیں۔

شوبز ویب سائٹ ’ورائٹی‘ نے بتایا کہ ملالہ یوسف زئی نے حال ہی میں فلموں اور ڈراموں کی پروڈکشن شروع کی تھی اور اب انہوں نے آسکر کے لیے منتخب پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ میں بطور ایگزیکٹو پروڈیوسر شمولیت اختیار کرلی۔

انہوں نے جوائے لینڈ کے ایگزیکٹو پروڈیوسر بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فلم کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ جوائے لینڈ کے ذریعے پاکستانی ٹیلنٹ کو سامنے لایا گیا۔

ملالہ یوسف زئی کے فلم کے ایگزیکٹو پروڈیوسر بننے کے حوالے سے اداکارہ ثروت گیلانی نے بھی شوبز ویب سائٹ کی خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم نہایت خوش ہیں کہ ملالہ یوسف زئی جوائے لینڈ کی ٹیم کا حصہ ہیں، کل یہ فلم لندن فلم کا پر فیسٹول میں پیش کی جائے گی۔’

صائم صادق کی فلم ’جوائے لینڈ‘ کو رواں برس مئی میں فرانس میں ہونے والے کانز فلم فیسٹیول میں پیش کیا گیا تھا اور اسے کانز کے اعلیٰ ترین ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پریانکا چوپڑا بھی پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ کی معترف

جوائے لینڈ کو ’کانز: کوئیر پام‘ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جو کہ خصوصی طور پر ہم جنس پرست یا پھر مخنث افراد کی کہانیوں پر مبنی فلموں کو دیا جاتا ہے۔

’جوائے لینڈ‘ پہلی پاکستانی فلم تھی، جس نے ’کوئیر پام‘ ایوارڈ حاصل کیا تھا۔

علاوہ ازیں مذکورہ فلم کو ’ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ سمیت دیگر عالمی میلوں میں بھی پیش کیا جا چکا ہے اور فلم نے دیگر عالمی ایوارڈز بھی اپنے نام کر رکھے ہیں۔

’جوائے لینڈ‘ کی کہانی ایک ایسے نوجوان کے گرد اور مخنث ڈانسر کے گرد گھومتی ہے جو ڈانس کلب میں کام کرنے کے دوران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔

فلم کو کہانی کے اچھوتے موضوع کی وجہ سے کافی سراہا گیا اور پاکستان جیسے معاشرے میں معیوب سمجھے جانے والے موضوع پر فلم بنانے کی وجہ سے ہی اس کی ٹیم کو اعلیٰ ترین عالی ایوارڈ دیا گیا تھا۔

فلم کی کاسٹ میں سرمد کھوسٹ، ثروت گیلانی، علینا خان، سہیل سمیر، سلمان پیر، ثانیہ سعید، کنول کھوسٹ، زویا احسن، ثنا جعفری اور قاسم عباس سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں