ورلڈ بینک کا پاکستان کی امداد کیلئے 2 ارب ڈالر مختص کرنے کا اعلان

08 اکتوبر 2022
وزیرخزانہ اسحٰق ڈار نے عالمی بینک کے اقدامات کو سراہا—فوٹو: پی آئی ڈی
وزیرخزانہ اسحٰق ڈار نے عالمی بینک کے اقدامات کو سراہا—فوٹو: پی آئی ڈی

ورلڈ بینک نے کہا ہے کہ پاکستان کی امداد کے لیے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری ہنگاموں منصوبوں منصوبوں سے 2 ارب ڈالر مختص کیے جارہے ہیں۔

خزانہ ڈویژن سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار سے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نینجی بینہیسین اور ان کی ٹیم نے ملاقات کی۔

مزید پڑھیں: عالمی بینک کا سیلاب سے متاثرہ کسانوں کیلئے 2 کروڑ 22 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان

بیان میں کہا گیا کہ وفاقی وزیرخزانہ اسحٰق ڈارنے نینجی بینہیسین اور ان کی ٹیم کو ملک کو درپیشن موجودہ معاشی چینلجز سے آگاہ کیا۔

وزیرخزانہ نے بتایا کہ موجودہ حکومت ان مسائل سے واقف ہے اور ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کو پائیدار نمو کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیرخزانہ نے ورلڈ بینک کی ٹیم کو ملک میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نیجی بینہیسن نے اسحٰق ڈار کو وزیر خزانہ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور پاکستان میں عالمی بینک کے جاری پروگرامز اور مستقبل میں تعاون کے بارے میں آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سیلاب متاثرین کیلئے ناکافی فنڈنگ، اقوام متحدہ کا دوبارہ امداد کی اپیل کا فیصلہ

خزانہ ڈویژن کے بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ ورلڈ بینک پاکستان کو تعاون فراہم کرنے کے لیے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ورلڈ بینک کے تحت جاری منصوبوں کے ہنگامی اقدامات سے 2 ارب ڈالر فنڈز مختص کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہنگامی صورت حال کی وجہ سے رواں برس ڈیڑھ ارب ڈالر جاری کیے جائیں گے۔

وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے اصلاحاتی ایجنڈا آگے بڑھانے اور ملک کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد میں معاونت فراہم کرنے پر عالمی بینک کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ملک میں ادارہ جاتی اصلاحات اور اقتصادی ترقی کے لیے عالمی بینک کی جانب سے دی جانے والی مالی اور تیکنیکی مدد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیر خزانہ نے نیجی بینہیسن اور ان کی ٹیم کا مسلسل حمایت اور سہولت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے مذکورہ پروگرامز کی بروقت تکمیل کے لیے قبل از اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

ورلڈ بینک نے اس سے قبل 22 ستمبر کو پاکستان میں سیلاب سے متاثر ہونے والے کسانوں کی بحالی کے لیے 2 کروڑ 22 لاکھ ڈالر کی مالی مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اور تحقیق سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ یہ اعلان اسلام آباد میں ورلڈ بینک کے جنوبی ایشیا کے علاقائی ڈائریکٹر برائے پائیدار ترقی جان اے روم اور وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ طارق بشیر چیمہ کے درمیان ملاقات کے دوران کیا گیا۔

مزید پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک کا سیلاب متاثرین کیلئے 2.5 ارب ڈالر امداد کا اعلان

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کسان برادری اور فوڈ سیکیورٹی کے حوالے سے امداد اور بحالی کی کوششوں پر بات کرتے ہوئے ورلڈ بینک کے ڈائریکٹر برائے پائیدار ترقی نے کہا تھا کہ ورلڈ بینک اپنے پروگرام ٹڈی دل کی ایمرجنسی اور فوڈ سیکیورٹی کے ذریعے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں کسانوں کی بحالی کے لیے معاونت فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ شدید سیلاب کی تباہی سے نمٹنے کے لیے وہ ورلڈبینک کے گروپ بورڈ کو بھی پاکستان کے لیے امداد بڑھانے کی درخواست کریں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں رواں سال جون میں شروع ہونے والی مون سون بارشوں کے بعد سیلاب نے تباہی مچا دی جہاں ملک کا ایک تہائی حصہ زیر آب آچکا تھا جبکہ سیلاب کی وجہ سے 1700 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں