'توشہ خانہ سے گاڑیاں لینے کا الزام'، پی ٹی آئی نے آصف زرداری کے خلاف ریفرنس جمع کرادیا

11 اکتوبر 2022
توشہ خانہ سے گاڑیاں لینے پر سابق صدر کیخلاف ریفرنسجمع — فائل فوٹو: اے ایف پی
توشہ خانہ سے گاڑیاں لینے پر سابق صدر کیخلاف ریفرنسجمع — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما زلفی بخاری نے توشہ خانہ سے تین گاڑیاں لینے کے الزام میں پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف قومی اسمبلی کے اسپیکر کے پاس ریفرنس جمع کرا دیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس جمع کرایے گئے ریفرنس میں زلفی بخاری نے مؤقف اختیار کیا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے رولز میں نرمی کرکے آصف علی زرداری کو توشہ خانہ سے گاڑیاں فراہم کیں۔

پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری نے ریفرنس جمع کرانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قانون کے مطابق گاڑیاں خریدنے کی اجازت نہیں تھی اور قانون کے مطابق تحائف میوزیم یا سرکاری بلڈنگز میں رکھنا تھا۔

مزید پڑھیں: آصف علی زرداری کے خلاف ٹریکٹر ریفرنس کا ریکارڈ غائب ہونے کا انکشاف

ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ آصف علی زرداری 2008 سے 2013 تک صدر پاکستان رہے اور بطور صدر پاکستان انہوں نے توشہ خانہ سے تین بلٹ پروف گاڑیاں لیں، جس کے لیے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے توشہ خانہ قوانین میں غیر قانونی طور پر نرمی کی۔

پی ٹی آئی رہنما نے مؤقف اپنایا کہ توشہ خانہ قوانین 2000 کے رول 9 کے مطابق تمام نوادرات اور گاڑیاں قانونی طور خریدی نہیں جا سکتی تھیں، گاڑیاں اور نوادرات کابینہ ڈویژن کے حوالے کرنا تھیں، نوادرات سرکاری عجائب گھروں اور سرکاری بلڈنگز میں رکھنا تھیں۔

ریفرنس میں مزید کہا گیا ہے کہ اس وقت کے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے قوانین میں غیر قانونی نرمی کی جو توشہ خانہ قوانین کی خلاف ورزی تھی۔

انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو 2008 میں بی ایم ڈبلیو، ٹویوٹا لیکسز دی گئی جو اس وقت کے متحدہ عرب امارات کے صدر نے بطور تحفہ دی تھی، دوسری بی ایم ڈبلیو لیبیا کے صدر معمر قذافی نے تحفے میں دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: زلفی بخاری کا خواجہ آصف کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان

ریفرنس کے مطابق کابینہ ڈویژن کے سیکشن آفیسر کو اس وقت کے ڈپٹی ملٹری سیکریٹری نے درخواست دی تھی کہ صدر آصف زرداری تمام گاڑیاں اپنے ساتھ رکھنا چاہتے ہیں گاڑیوں کی قیمت کا تعین کیا جائے اور مطلوبہ رقم سے متعلق ایوان صدر کو آگاہ کیا جائے اسی طرح صدر آصف علی زرداری نے اپنے اختیارات کی خلاف وزری کی۔

زلفی بخاری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری نے گاڑیاں قانون کے مطابق حاصل نہیں کیں لہٰذا ان کو نااہل کیا جائے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں