ٹی 20 ورلڈکپ دوسرا وارم اپ میچ: پاکستان اور افغانستان کا میچ بارش کے باعث ختم

اپ ڈیٹ 19 اکتوبر 2022
— فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
— فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
قوم ٹیم نے اپنے دوسرے میچ میں افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا — فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
قوم ٹیم نے اپنے دوسرے میچ میں افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا — فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر

پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلا جانے والا آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا دوسرا وارم اپ میچ بارش کے باعث ختم کردیا گیا۔

میچ ختم کیے جانے سے قبل پاکستان نے افغانستان کے 155 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کرتے ہوئے 2.2 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 19 رنز بنالیے تھے۔

قومی ٹیم نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

برسبین میں کھیلے جارہے وارم اپ میچ میں افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔

فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے افغانستان کے خلاف شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدائی اوورز میں 2 وکٹیں حاصل کیں۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کے خلاف وارم اپ میچ میں پاکستان کی بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں ناکام

افغان کرکٹر رحمٰن اللہ گرباز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ حضرت اللہ زازئی صرف 9 ہی رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے علاوہ ابراہیم زدران 34، درویش رسولی 3، نجیب اللہ زدران 6، عظمت اللہ صفر رن پر پویلین لوٹے جب کہ کپتان محمد نبی 51 اور عثمان غنی 32 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے اور یوں پاکستان کو جیت کے لیے 154 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور بغیر کسی نقصان کے 2.2 اوورز میں 19 رنز بنالیے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔

میچ میں قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے تھے جب کہ افغانستان ٹیم کی قیادت محمد نبی نے کی۔

مزید پڑھیں: بھارت کا آئندہ سال ایشیا کپ میں شرکت کیلئے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار

میچ میں دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، شان مسعود، حیدر علی، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، شاداب خان، آصف علی، محمد وسیم، حارث رؤف، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور محمد حسنین شامل تھے۔

یاد رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے وارم اَپ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دی تھی، انگلینڈ نے 161 رنز کا ہدف باآسانی 32 گیندیں قبل ہی حاصل کر کے پاکستان کے خلاف 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

برسبین میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان نے بابر اعظم اور محمد رضوان کو آرام کا موقع فراہم کیا تھا، گرین شرٹس کی جانب سے اوپنرز حیدر علی اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں