ایف اے ٹی ایف اجلاس سے قبل چین نے پاکستان کے خلاف بھارتی ہتھکنڈے ناکام بنا دیے

اپ ڈیٹ 21 اکتوبر 2022
ایف اے ٹی ایف کا اجلاس 20 اور 21 اکتوبر کو پیرس میں ہورہا ہے — فائل فوٹو: ٹوئٹر ایف اے ٹی ایف نیوز
ایف اے ٹی ایف کا اجلاس 20 اور 21 اکتوبر کو پیرس میں ہورہا ہے — فائل فوٹو: ٹوئٹر ایف اے ٹی ایف نیوز

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے اہم اجلاس سے چند روز قبل چین نے اقوام متحدہ میں پاکستان کو بدنام کرنے کے بھارتی ہتھکنڈے کو ناکام بنا دیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق سنگاپور کی 2 سالہ صدارت کے تحت ایف اے ٹی ایف کا اجلاس 20 اور 21 اکتوبر کو پیرس میں ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا رواں ہفتے ایف اے ٹی ایف کی ’گرے لسٹ‘ سے نکلنے کا امکان

اجلاس میں ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل رہنے کے بعد رواں ہفتے پاکستان کا نام بالآخر گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ میں ڈالنے پر غور کیا جائے گا۔

دوسری جانب 18 اکتوبر کو بھارت نے شاہد محمود کو بلیک لسٹ میں شامل کرنے کی تجویز پیش کی تھی، 2016 میں امریکا نے شاہد محمود کو لشکر طیبہ کا مالی سہولت کار قرار دیا تھا۔

اس کے علاوہ 19 اکتوبر کو بھارت نے ایک بار پھر لشکر طیبہ کے سربراہ حافظ سعید کے بیٹے حافظ طلحہ سعید کو بلیک لسٹ میں ڈالنے کی تجویز دی تھی۔

تاہم چین نے مزاحمت کرتے ہوئے بھارتی سفارشات کو ناکام بنادیا۔

مزید پڑھیں: ایف اے ٹی ایف کا پاکستان کو ’گرے لسٹ‘ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ

ایف اے ٹی ایف اجلاس میں اس طرح کے گروپ پر پابندی عائد کرنے کی تجاویز سے پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کی بھارتی کوششوں کو تقویت مل سکتی ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے ڈان کو بتایا کہ کالعدم تنظیموں کو بلیک لسٹ کرنے اور پاکستان کو بدنام کرنے کے بھارتی اقدام کا مقصد تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کو حاصل بھارتی سرپرستی سے توجہ ہٹانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت، پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کرنے کے علاوہ پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور پاک ۔ چین اقتصادی تعاون کو تباہ کرنے کے لیے چینی اہداف پر بھی حملہ کر رہا ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ میڈیا لیکس کے ذریعے بھارت کی جانب سے یہ مہم شرپسندی اور بدنیتی پر مبنی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ ’یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ایف اے ٹی ایف کے اجلاس سے قبل بھارتی میڈیا کی جانب سے سرکاری لیکس کے ذریعے پاکستان کے خلاف بے بنیاد، من گھڑت اور گمراہ کن پروپیگنڈا کیا گیا ہو۔

یہ بھی پڑھیں: ایف اے ٹی ایف اجلاس: دہشت گردوں کی مالی معاونت، منی لانڈرنگ کے جائزے کا آغاز

بیان میں کہا گیا کہ ایف اے ٹی ایف اور عالمی برادری نے انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف پاکستان کے بہتر اقدامات کا اعتراف کیا ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ اجلاس میں بھارت کی جانب سے پاکستان کی کوششوں اور کامیابیوں پر شکوک و شہبات پیدا کرنے اور معاملے کو سیاسی رنگ دینے کے باوجود ایف اے ٹی ایف نے جون 2022 کے اجلاس میں اتفاق کیا تھا کہ پاکستان نے 2018 اور 2021 کے ایکشن پلان کے تمام بنیادی ضروریات کو پورا کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں