• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:34pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:35pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:34pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:35pm

ارشد شریف کی والدہ کی سپریم کورٹ سے اعلیٰ سطح کا جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی استدعا

شائع November 2, 2022
— فوٹو: کامران خان ٹوئٹر
— فوٹو: کامران خان ٹوئٹر

کینیا پولیس کی مبینہ فائرنگ سے قتل ہونے والے معروف صحافی ارشد شریف کی والدہ نے اس معاملے پر تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ سے اعلیٰ سطح کا جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی استدعا کردی۔

مقتول صحافی ارشد شریف کی والدہ رفعت آرا علوی نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو خط ارسال کیا، جس میں کہا ہے کہ کیس متنازع ہونے سے بچایا جائے اور ارشد شریف کے اہل خانہ کو انصاف فراہم کیا جائے۔

چیف جسٹس سے انہوں نے استدعا کی کہ شہید بیٹے کے کیس کو سیاسی منافقت اور بد دیانتی سے بچایا جائے، اپنا کیس اللہ کی عدالت میں رکھ کر انصاف کی طلب گار ہوں، توقع ہے میرا خط شہید بیٹے کے خط کی طرح سردخانے کی نذر نہیں ہوگا، شہدا کے اہل خانہ اور صحافی برادری کا غم و غصہ انصاف کی فراہمی سے ہی کم ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات میں پیش رفت، 2 گواہان کے بیانات قلمبند

خط میں کہا گیا ہے کہ کینیا کی پولیس نے 3 سے 4 مرتبہ اپنا مؤقف تبدیل کیا، تحقیقاتی ٹیم کی روانگی سے قبل وفاقی وزرا نے من گھڑت کہانیاں بنائیں جو میڈیا کے ریکارڈ پر موجود ہیں، وزیراعظم نے اپنے بیان میں جوڈیشل کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا لیکن ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کمیشن بنانا حکومت کی بدنیتی ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ارشد شریف دبئی پہنچے تو تسلی تھی کہ اب خطرے سے باہر ہیں، حکومت نے متحدہ عرب امارات کی حکومت پر دباؤ ڈالا جس پر ارشد شریف کو دبئی چھوڑنا پڑا، دبئی سے نکلنے پر ارشد شریف شہید کو کینیا جانا پڑا، کینیا میں دو ماہ بعد میرے بیٹے کو بے دردی سے شہید کر دیا گیا۔

والدہ رفعت آرا علوی کا مزید کہنا تھا کہ ارشد شریف شہید نے 12 مئی کو بذریعہ خط آپ کو خطرات سے آگاہ کیا تھا، خط میں آپ کو غداری کے بے بنیاد مقدمات سے آگاہ کیا تھا، خطرات کی وجہ سے ارشد شریف کو ملک سے باہر پناہ لینا پڑی تھی، ارشد شریف کے بے دردی سے قتل پر حکومت کے رویے کا نوٹس لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کی بیوہ اور یتیم بچوں کو انصاف کے سوا کچھ نہیں چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: معروف صحافی و اینکر پرسن ارشد شریف کینیا میں ’قتل‘

یاد رہے کہ ڈان اخبار کی یکم نومبر کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے کینیا میں صحافی ارشد شریف کے پراسرار قتل کی تحقیقات کے لیے تشکیل کردہ انکوائری کمیشن کا چیئرمین ریٹائرڈ جج عبدالشکور پراچہ کو مقرر کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق کمیشن کے دو دیگر ارکان میں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے ڈپٹی ڈائریکٹر عمر شاہد حامد شامل ہیں۔

خیال رہے کہ 24 اکتوبر کو معروف صحافی اور سینیئر اینکر پرسن ارشد شریف کے اہل خانہ نے تصدیق کی تھی کہ ارشد شریف کو کینیا میں گولی مار کر قتل کردیا گیا ہے۔

ارشد شریف کی بیوہ جویریہ صدیق نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ’آج میں نے اپنا دوست، شوہر اور پسندیدہ صحافی کھو دیا، پولیس نے بتایا تھا کہ ارشد شریف کو کینیا میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے‘۔

بعد ازاں، وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کینیا کے صدر ولیم روٹو کو ٹیلی فون کرکے معروف صحافی ارشد شریف کے قتل کی غیرجانب دارانہ اور شفاف تحقیقات پر زور دیا تھا۔

دریں اثنا وزارت خارجہ کی جانب سے ارشد شریف کی ناگہانی موت پر گہرے رنج اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ کینیا میں پاکستانی حکام نے ارشد شریف کی میت کی شناخت کرلی ہے۔

کینیا کی مقامی نیوز ویب سائٹ ’دی اسٹار‘ کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ ارشد شریف اور ان کے ڈرائیور نے ناکہ بندی کی مبینہ خلاف ورزی کی جس پر پولیس کی جانب سے فائرنگ کی گئی، سر میں گولی لگنے کی وجہ سے ارشد شریف موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کے ڈرائیور زخمی ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: ارشد شریف کی گاڑی پولیس کی رکاوٹ کے باوجود نہ رکنے پر فائرنگ کا نشانہ بنی، کینین پولیس

27 اکتوبر کو کینیا کے صحافیوں نے پاکستانی صحافی ارشد شریف کے قتل کی نئی تفصیلات منظر عام پر لاتے ہوئے واقعے پر سوالات کھڑے کردیے تھے جس کے بعد معاملہ مزید پیچیدہ ہو کیا تھا۔

کینیا کے ’نیشن میڈیا گروپ‘ کی جانب سے شائع ہونے والی ایک خبر میں ایک سینیئر تفتیشی رپورٹر نے کہا کہ پولیس کے دعووں کے مطابق ارشد شریف کی کار میں سوار شخص نے جنرل سروس یونٹ (جی ایس یو) کے افسران پر گولی چلائی تھی۔

یاد رہے کہ 27 اکتوبر کو ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے غیرمتوقع ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ارشد شریف کی وفات کے حوالے سے بڑے واقعات کے حقائق تک پہنچنا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے اگست میں ایک خط جاری کیا جس میں کہا گیا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی سے الگ ہونے والا گروپ ارشد شریف کو نشانہ بنانا چاہتا ہے، ارشد شریف کو کسی نے دبئی جانے پر مجبور نہیں کیا تھا۔

ارشد شریف کے قتل نے پاکستان میں شدید غم و غصے کو جنم دیا اور تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا، حکومت نے ان مطالبات پر توجہ دیتے ہوئے 2 رکنی انکوائری ٹیم تشکیل دی تھی اور اسے نیروبی روانہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: نئی تفصیلات سامنے آنے پر ارشد شریف کے قتل کا معاملہ مزید پیچیدہ

واضح رہے کہ 31 اکتوبر کو ڈان کی رپورٹ کے مطابق قتل کی تحقیقات کے لیے انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ایک ایک اہلکار پر مشتمل کینیا جانے والی کمیٹی نے دارالحکومت نیروبی میں 2 گواہان کے بیانات قلمبند کیے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024