ایلون مسک کے مالک بنتے ہی ان کی سابق محبوبہ امبر ہرڈ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ غیر فعال

اپ ڈیٹ 04 نومبر 2022
ماضی میں دونوں کو ایک ساتھ دیکھا جاتا رہا ہے—فوٹو: اسپلاش نیوز/ انسٹاگرام
ماضی میں دونوں کو ایک ساتھ دیکھا جاتا رہا ہے—فوٹو: اسپلاش نیوز/ انسٹاگرام

ایلون مسک کے ٹوئٹر کے مالک بننے کے بعد ان کی سابق محبوبہ ہولی وڈ اداکارہ امبر ہرڈ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ پراسرار طور پر ڈیلیٹ ہوگیا، خیال کیا جا رہا ہے کہ اداکارہ نے ممکنہ طور پر خود اکاؤنٹ غیر فعال کردیا ہوگا۔

امبر ہرڈ ہولی وڈ اداکار جونی ڈیپ کی سابق اہلیہ ہیں اور شوہر سے طلاق کے بعد اداکارہ کے 2016 سے 2017 تک ایلون مسک سے تعلقات رہے تھے۔

امبر ہرڈ نے 2018 میں ہولی وڈ رپورٹر کو دیے گئے انٹرویو میں ایلون مسک سے کچھ عرصے تک رومانوی تعلقات رکھنے کا اعتراف کیا تھا۔

اداکارہ نے بتایا تھا کہ طلاق کے بعد شوہر کا دکھ بھلانے کے لیے انہوں نے مئی 2016 کے بعد اگست 2017 تک ایلون مسک سے تعلقات استوار کیے۔

یہ بھی پڑھیں: ایلون مسک نے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھال لیا

امبر ہرڈ اور جونی ڈیپ کے درمیان ہتک عزت کے دعوے کے دوران جونی ڈیپ نے عدالت میں دعویٰ کیا تھا کہ جب ان کی طلاق بھی نہیں ہوئی تھی، تب ان کی بیوی کے ایلون مسک کے علاوہ امریکی اداکار جیمز فرانکو سے ناجائز تعلقات تھے۔

ایلون مسک نے کبھی اداکارہ کے ساتھ تعلقات کا اعتراف نہیں کیا—فوٹو: اسپلاش نیوز
ایلون مسک نے کبھی اداکارہ کے ساتھ تعلقات کا اعتراف نہیں کیا—فوٹو: اسپلاش نیوز

تاہم امبر ہرڈ نے جونی ڈیپ کے دعووں کو غلط قرار دیا تھا اور بعد ازاں ایلون مسک نے بھی نیویارک ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کے امبر ہرڈ کے ساتھ کبھی تعلقات نہیں رہے۔

ایلون مسک اور امبر ہرڈ کے دعووں کے برعکس دونوں کو 2015 سے 2017 تک ایک ساتھ دیکھا جاتا رہا۔

مزید پڑھیں: ٹوئٹر کے ویریفائڈ اکاؤنٹس سے ماہانہ فیس وصول کیے جانے کا امکان

اور اب ایک بار پھر ان دونوں کا نام میڈیا کی خبروں کی زینت اس وقت بنا، جب بعض ویب سائٹس نے بتایا کہ امبر ہرڈ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ غیر فعال ہوگیا۔

امبر ہرڈ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ایک ایسے وقت میں غیر فعال ہوا ہے جب کہ ان کے سابق مبینہ محبوب ایلون مسک ٹوئٹر کے نئے مالک بنے۔

امبر ہرڈ اور ان کے سابق شوہر کے درمیان مقدمے میں بھی ایلون مسک کے تعلقات کا ذکر ہوا تھا—فوٹو: رائٹرز
امبر ہرڈ اور ان کے سابق شوہر کے درمیان مقدمے میں بھی ایلون مسک کے تعلقات کا ذکر ہوا تھا—فوٹو: رائٹرز

ایلون مسک نے گزشتہ ماہ 28 اکتوبر کو ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالا تھا، جس کے بعد اب امبر ہرڈ کا اکاؤنٹ غیر فعال ہوگیا۔

اسی حوالے سے ’پیپلز میگزین‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ امبر ہرڈ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ گزشتہ ہفتے اچانک غیر فعال ہوگیا اور ان کے اکاؤنٹ سے متعلق نہ تو فوری طور پر اداکارہ نے کوئی بیان دیا ہے اور نہ ہی ٹوئٹر انتظامیہ نے اس حوالے سے کچھ کہا ہے۔

اب جیسے ہی لوگ امبر ہرڈ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو تلاش کرتے ہیں تو صارفین کو پیغام موصول ہوتا ہے کہ مذکورہ اکاؤنٹ موجود نہیں ہے۔

یہ واضح نہیں ہوسکا کہ امبر ہرڈ نے خود اکاؤنٹ غیر فعال کیا ہے یا پھر ٹوئٹر منتظمین نے ان کا اکاؤنٹ غیر فعال کردیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں