آبادی اور اسمارٹ موبائلز کے استعمال کے حوالے سے دنیا کے دوسرے بڑے ملک بھارت نے بھی یورپی یونین (ای یو) کی طرح تمام موبائل فونز کے لیے ایک ہی طرز کا ٹائپ سی چارجر لازمی قرار دے دیا۔

یورپی یونین نے اکتوبر 2022 میں ایک ہی ٹائپ سی چارجر کا بل منظور کیا تھا، جس کے بعد یورپی یونین کے ممالک میں تمام موبائل فونز اور دیگر کمپیوٹر الیکٹرانک آلات بنانے والی کمپنیوں کو ایک ہی چارجر پورٹ سی دینا ہوگا۔

یورپی یونین میں ہر قسم کے موبائل، لیپ ٹاپس، اسمارٹ واچز اور لائیٹس کے لیے پورٹ سی کے لازمی چارجر کا اطلاق دسمبر 2024 میں ہوگا۔

یورپی یونین کے بعد اب موبائل ڈیوائسز کے استعمال میں چین کے بعد دوسرے بڑے ملک کی حیثیت رکھنے والے بھارت نے بھی تمام موبائلز اور اسمارٹ ڈیوائسز کے لیے ایک ہی چارجر ہونے کا حکم دے دیا۔

بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق حکومت کے ڈیپارٹمنٹ آف کنزیومر افیئرز نے ایک نوٹی فکیشن جاری کیا ہے، جس کے تحت تمام موبائل اور اسمارٹ ڈیوائسز کمپنیوں کو 2025 تک ہر طرح کی ٰڈیوائس کے لیے ایک ہی قسم کا ٹائپ سی چارجر دینا ہوگا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارت میں پورٹ سی کے لازمی چارجر کا اطلاق جنوری 2025 میں ہوگا اور ہر طرح کے ڈیوائسز کو کمپنیاں پورٹ سی چارجنگ پر شفٹ کردیں گی۔

یورپی یونین کے بعد اب بھارت کی جانب سے بھی ٹائپ سی چارجر کے لازمی ہونے کا حکم دیے جانے کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ مزید ممالک بھی ایسی قانون سازی یا احکامات جاری کر سکتے ہیں۔

اس وقت اینڈرائڈ کے زیادہ تر فونز ٹائپ سی چارجر کے ساتھ پیش کیے جا رہے ہیں، تاہم ایپل کے آئی فون دوسری طرز کے چارجر پر چارج ہوتے ہیں، لیکن اب ایپل نے بھی اپنے فون ٹائپ سی پر تبدیل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

یورپی یونین کے رکن ممالک کی تعداد 25 سے زائد ہے اور وہ خطہ بھی اسمارٹ موبائل اور ڈیوائسز کے استعمال کے حوالے سے چند بڑے خطوں میں شمار ہوتا ہے۔

بھارت اس وقت موبائل فونز کے استعمال کے حوالے سے چین کے بعد دوسرا بڑا ملک ہے، بھارت نے 2019 میں امریکا سے دوسرے نمبر کی حیثیت چھینی تھی۔

خیال کیا جاتا ہے کہ بھارت کے 95 موبائل صارفین اسمارٹ فونز استعمال کرتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں