یورپی یونین کا تمام موبائل فونز کیلئے ایک ہی چارجنگ پورٹ پر اتفاق

اپ ڈیٹ 07 جون 2022
ایپل نے پیش رفت پر کوئی رد عمل نہیں دیا— فائل فوٹو بشکریہ ایپل
ایپل نے پیش رفت پر کوئی رد عمل نہیں دیا— فائل فوٹو بشکریہ ایپل

دنیا میں سب سے زیادہ موبائل فون فروخت کرنے والی کمپنیوں میں سے ایک ایپل کو 2024 تک یورپ میں فروخت ہونے والے آئی فونز کے لیے چارجرز کو تبدیل کرنا پڑے گا کیوں کہ یورپی یونین کے ممالک اور قانون سازوں نے موبائل فون، ٹیبلٹ اور کیمروں کے لیے ایک موبائل چارجنگ پورٹ پر اتفاق کرلیا ہے، یہ اپنی نوعیت کا دنیا میں پہلا فیصلہ ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کی خبر کے مطابق یہ سیاسی مداخلت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کہ کمپنیاں کسی مشترکہ حل تک پہنچنے میں ناکام رہیں۔

اس فیصلے کے حوالے سے یورپی کمیشن کا کہنا ہے کہ اس سے صارفین کے لیے آسانیاں پیدا ہوں گی اور ان کے پیسوں کی بچت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: ایپل کے ٹکر کا سونی ’ایکسپریا ون فور‘ متعارف

صارفین کی جانب سے شکایات سامنے آنے کے بعد یورپ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے ایک ہی موبائل چارجنگ پورٹ متعارف کرانے کے لیے کوشش کر رہا تھا، آئی فون اور اینڈرائیڈ صارفین کو شکایات تھیں کہ انہیں اپنی ڈیوائسز چارج کرنے کے لیے مختلف چارجرز استعمال کرنے کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔

آئی فونز کو ایک لائٹنگ کیبل کے ذریعے چارج کیا جاتا ہے جب کہ اینڈرائیڈ ڈیوائسز کو چارج کرنے کے لیے یو ایس بی کنیکٹر استعمال کیے جاتے ہیں۔

یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 2024 کے موسم خزاں تک یو ایس بی ٹائپ کنیکٹر یورپی یونین میں استعمال ہونے والے تمام موبائل فون ، ٹیبلٹ اور کیمروں کے لیے مشترکہ چارجنگ پورٹ بن جائے گا۔

مزید پڑھیں: انفینکس نوٹ سیریز کے دو بجٹ فون متعارف

ایپل نے خبردار کیا تھا کہ اس تجویز سے جدت اور اختراع کو نقصان ہوگا اور فیصلے کے باعث الیکٹرانک کچرے کا پہاڑ کھڑا ہوجائے گا، تاہم، کمپنی نے فوری طور پر اس پیش رفت پر کوئی رد عمل دینے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔

تبصرے (0) بند ہیں