آرمی چیف کی متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات، دفاعی امور کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال

اپ ڈیٹ 10 جنوری 2023
جنرل عاصم منیر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ایک ہفتے کے طویل سرکاری دورے پر ہیں — فوٹو: ٹوئٹر/متحدہ عرب امارات سفارتخانہ
جنرل عاصم منیر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ایک ہفتے کے طویل سرکاری دورے پر ہیں — فوٹو: ٹوئٹر/متحدہ عرب امارات سفارتخانہ

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور عسکری امور میں تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جنرل عاصم منیر پہلی مرتبہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ایک ہفتے کے طویل سرکاری دورے پر ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے ’وام‘ کے مطابق ابوظبی میں قصر الشاطی پیلس میں ملاقات کے دوران متحدہ عرب امارات کے صدر نے جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور نئی ذمہ داریوں پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دفاعی اور فوجی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی تبادلۂ خیال ہوا اور مل کر کام کرنے کے ساتھ ساتھ دونوں دوست ملکوں کے مشترکہ مفادات کو مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔

ملاقات میں متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ تنہون بن زاید النہیان، ڈپٹی وزیر اعظم اور صدارتی عدالت کے وزیر شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کے اہم اراکین نے شرکت کی۔

اس سے قبل 9 جنوری کو آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان سے مدینہ منورہ میں ملاقات کی تھی جس میں دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا گیا تھا۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق دونوں نے دوطرفہ تعلقات اور اسے بہتر بنانے کے طریقوں سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے گزشتہ ہفتے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے بھی ملاقات کی تھی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا تھا۔

دونوں رہنماؤں نے عسکری اور دفاعی تعاون کے ساتھ ساتھ اسے بہتر بنانے کے طریقوں اور باہمی دلچسپی کے حامل امور کے علاوہ علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی گفتگو کی تھی۔

اس سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ چیف آف آرمی اسٹاف، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے امور، عسکری تعاون اور دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں