لاہور: طالبہ پر تشدد کا معاملہ، اسکول انتظامیہ کی سخت کارروائی کی یقین دہانی

اپ ڈیٹ 26 جنوری 2023
اسکول انتظامیہ نے میڈیا پر گردش ہونے والی رپورٹس میں ادارے پر لگے الزامات کو مسترد کردیا — فوٹو: ٹوئٹر
اسکول انتظامیہ نے میڈیا پر گردش ہونے والی رپورٹس میں ادارے پر لگے الزامات کو مسترد کردیا — فوٹو: ٹوئٹر

لاہور میں 4 لڑکیوں کی جانب سے ساتھی طالبہ پر تشدد کی تحقیقات کے لیے اسکارسڈیل انٹرنیشنل اسکول نے انکوائری کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حتمی رپورٹ آنے کے بعد واقعے میں ملوث ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں اسکول انتظامیہ نے ساتھی طالبہ کو تشدد کا نشانہ بنانے میں ملوث 4 لڑکیوں سمیت متاثرہ لڑکی کے علاوہ شکایت کنندہ کو بھی معطل کردیا تھا۔

گزشتہ ہفتے ساتھی طالبہ پر مبینہ تشدد کے الزام میں 4 لڑکیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، بعد ازاں عدالت نے مقدمے میں نامزد 3 لڑکیوں کی عبوری ضمانتیں منظور کرلی تھیں اور 50، 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔

گزشتہ روز اسکول انتظامیہ کی جانب سے پریس ریلیز جاری کی گئی اور میڈیا پر گردش ہونے والی رپورٹس میں ادارے پر لگے الزامات کو مسترد کردیا۔

پریس ریلیز کے مطابق 16 جنوری کو 5 طالبات کے درمیان جھگڑا ہوا، اگرچہ ادارے کی انتظامیہ کے دو ارکان نے طالبات کا جھگڑا ختم کرانے کی کوشش کی لیکن میڈیا نے اس پہلو کو نظر انداز کردیا۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے فیکلٹی اور انتظامیہ کے 3 سینئر ارکان کو تعینات کیا ہے، کمیٹی نے اقدامات کرلیے ہیں اور حتمی رپورٹ آنے کے بعد اسکول انتطامیہ کی جانب سے کارروائی کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں