ایف بی آر نے جنوری میں ٹیکس وصولی کا ہدف عبور کرلیا، ترجمان

01 فروری 2023
ایف بی آر نےکہا کہ جنوری میں 537 ارب روپے اکٹھے کرلیے— فائل فوٹو: ایف بی آر ٹوئٹر
ایف بی آر نےکہا کہ جنوری میں 537 ارب روپے اکٹھے کرلیے— فائل فوٹو: ایف بی آر ٹوئٹر

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے جنوری میں مقررہ 533 ارب روپے کا ہدف عبور کرتے ہوئے مجموعی طور پر 537 ارب روپے اکٹھے کرلیے۔

ایف بی آر کے ترجمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ایف بی آر نے نہ صرف سرمایے کی وصولی میں شان دار کارکردگی دکھائی بلکہ جنوری 2023 میں مقررہ 533 ارب روپے کا ہدف عبور کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ جنوری میں 533 ارب روپے کا ہدف عبور کرکے 4 ارب روپے کا سنگ میل بھی حاصل کرلیا۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں 3965 ارب روپے کا سرمایہ جمع کیا جبکہ گزشتہ برس 3367 ارب روپے جمع ہوئے تھے۔

ترجمان ایف بی آر کے اعدادوشمارکے مطابق براہ راست ٹیکس وصولی 48 فیصد رہی، 208 ارب روپے ریفنڈ ادا کیے گئے جو گزشتہ برس اسی دوران 183 ارب روپے تھے، جس سے 14 فیصد کی بہتری ظاہر ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر اپنے سالانہ ہدف کے حصول کے لیے پرعزم ہے اور تمام ٹیکس دہندگان کے کردار کو سراہتے ہیں۔

سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کے مطابق جنوری میں 533 ارب روپے کے ہدف کے مقابلہ میں 537 ارب روپے جمع ہوئے اور یوں جنوری میں سالانہ بنیادوں پر23 فیصد کی بہتری ریکارڈ کی گئی۔

ترجمان کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ٹیکس محصولات گزشتہ مالی سال کے اسی مدت کے مقابلہ میں 18 فیصدزیادہ ہیں، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ایف بی آر نے 7470 ارب روپے کی محصولات جمع کی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ اندرونی ٹیکسوں کی وصولی کی شرح میں 40 فیصد کا اضافہ ہوا، کسٹم ڈیوٹی کی وصولی کی شرح میں جنوری کے دوران سالانہ بنیادوں پر 16 فیصدکی بہتری دکھائی دی۔

ایف بی آر کے ترجمان نے بتایا کہ برآمد کنندگان کو کیش کے مسائل سے چھٹکارا دلانے کے لیے رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں 208 ارب روپے کے ری فنڈز جاری کیے گئے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 14 فیصدزیادہ ہے اور گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 183 ارب روپے ری فنڈ کیے گئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں