خدمات کی برآمدات میں جولائی تا دسمبر 3 فیصد اضافہ

08 فروری 2023
خدمات کی برآمد 22-2021 میں 17.20 فیصد بڑھ کر 6 ارب 97 کروڑ ڈالر ہوگئی—فائل فوٹو: اے ایف پی
خدمات کی برآمد 22-2021 میں 17.20 فیصد بڑھ کر 6 ارب 97 کروڑ ڈالر ہوگئی—فائل فوٹو: اے ایف پی

وفاقی ادارہ برائے شماریات کی جانب سے جاری کیے جانے والے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں خدمات (سروسز) کی برآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق برآمدات میں اس اضافے کا خاص طور پر تعلق آئی ٹی برآمدات سے ہے، یہ اضافہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اشیا کی برآمدات گزشتہ چند ماہ سے گراوٹ کا شکار ہیں۔

خدمات کی برآمدات کی مالیت جولائی تا دسمبر کے دوران 3 ارب 52 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران 3 ارب 43 کروڑ ڈالر تھی۔

دسمبر میں خدمات کی برآمدات گزشتہ برس دسمبر کے مقابلے میں 68 کروڑ 89 لاکھ ڈالر سے 3.16 فیصد کم ہوکر 66 کروڑ 71 لاکھ ڈالر ہوگئی۔

خدمات کی برآمد 22-2021 میں 17.20 فیصد بڑھ کر 6 ارب 97 کروڑ ڈالر ہوگئی جو گزشتہ برس 5 ارب 95 کروڑ ڈالر تھیں۔

خدمات کی برآمد کا ہدف 23-2022کے لیے 10 ارب ڈالر جبکہ اشیا کی برآمد کا ہدف 35 ارب ڈالر مقرر کیا گیا تھا، آئی ٹی سے متعلقہ خدمات میں اب تک کی سب سے زیادہ ترقی نے مجموعی برآمدی اعداد و شمار میں اضافہ کیا ہے۔

خدمات کی برآمدات میں فنانس اور انشورنس، ٹرانسپورٹ اور اسٹوریج، ہول سیل اور ریٹیل تجارت، پبلک ایڈمنسٹریشن اور دفاعی شعبے بھی شامل ہیں۔

خدمات کا شعبہ جی ڈی پی میں 06-2005 کے دوران 56 فیصد اور 21-2020 کے دوران 61 فیصد حصہ ڈال کر اقتصادی ترقی کے اہم محرک کے طور پر ابھرا۔

خدمات کی درآمدات جولائی تا دسمبر کے دوران 30.28 فیصد کی منفی نمو کے ساتھ 3 ارب 88 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ برس اسی مدت میں 5 ارب 57 کروڑ ڈالر تھیں۔

دسمبر میں خدمات کی درآمدات 44.45 فیصد کم ہو کر اس سال 61 کروڑ 94 لاکھ ڈالر رہ گئیں جو گزشتہ برس ایک ارب 11 کروڑ ڈالر تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں