پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی پی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے لیے انعامی رقم کا اعلان کردیا۔

پی سی بی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل جیتنے والی ٹیم کو 24 قیراط سونے سے بنی ٹرافی کے ساتھ 12 کروڑ روپے کی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔

فائنل ہارنے والی ٹیم کو 4 کروڑ 80 لاکھ روپے کی رقم دی جائے گی۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل 2022 میں جیتنے والی ٹیم کو 8 کروڑ جبکہ فائنل ہارنے والی ٹیم کو 3 کروڑ 20 لاکھ روپے رقم دی گئی تھی۔

انتظار کی گھڑیاں ختم، پی ایس ایل 8 کا آغاز آج سے ہوگا

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب آج ملتان میں منعقد کی جائے گی جس کے بعد ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کا ٹاکرا ہوگا۔

پی ایس ایل کا فائنل میچ اور اختتامی تقریب 19 مارچ کو لاہور میں ہوگی۔

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز ایک بار پھر پی ایس ایل فائنل جیتنے کی کوشش کرے گی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ تیسری بار ٹرافی اپنے نام کرنے کی کوشش کرے گی۔

پی ایس ایل کی تمام 6 فرانچائز کم از کم ایک ایک بار پی ایس ایل کی ٹرافی اپنے نام کرچکی ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنہ 2016 اور 2018 میں پی ایس ایل کا فائنل جیت کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، پشاور زلمی نے 2017 اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 2019 میں پی ایس ایل فائنل میں فتح حاصل کی تھی۔

اس کے علاوہ کراچی کنگز نے 2020 میں لاہور قلندرز کو باآسانی شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی، ملتان سلطانز نے 2021 میں اور 2022 میں لاہور قلندرز نے ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

پی ایس ایل 2023 کے پہلا میچ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، ملتان 13 فروری سے 26 فروری تک پی ایس ایل میچز کی میزبانی کرے گا جس کے بعد لاہور قذافی اسٹیڈیم اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 26 فروری سے 19 مارچ تک میچز کھیلے جائیں گے۔

راولپنڈی میں 11 میچز ہوں گے، کراچی اور لاہور 9، 9 میچز کی میزبانی کریں گے جب کہ ملتان میں 5 ہوم میچ ہوں گے۔

دوپہر کے میچ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہوں گے جبکہ کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں شام کے میچز شام 7 بجے شروع ہوں گے۔

ملتان میں شام کے میچز شام 6 بجے شروع ہوں گے جبکہ آج کا میچ افتتاحی میچ رات 8 بجے شروع ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں