ایکواڈور، پیرو میں 6.8 شدت کا زلزلہ، 14 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 20 مارچ 2023
ایکواڈور کے صدر نے شہریوں کو نقصان کی تفصیلات سرکاری ذرائع سے آگاہ کرنے پر زور دیا — فوٹو: رائٹرز
ایکواڈور کے صدر نے شہریوں کو نقصان کی تفصیلات سرکاری ذرائع سے آگاہ کرنے پر زور دیا — فوٹو: رائٹرز

جنوبی امریکی ممالک پیرو اور ایکواڈور میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جہاں 14 افراد ہلاک اور عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

ڈان اخبار میں شائع ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ ایکواڈور کے شہروں مچالا اور کوینکا میں زلزلے کے نتیجے میں عمارتیں تباہ ہوئیں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا، اسی طرح دیگر شہروں میں بھی ملبے کے ڈھیر ہیں۔

حکام نے بتایا کہ امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کی شدت 6.8، گہرائی تقریباً 41 میل (66 کلومیٹر) تھی اور اس کا مرکز پیرو کی سرحد کے قریب واقع ایکواڈور کا شہر بالاؤ تھا۔

کوینکا کی ایک شہری میگالے اسکینڈون نے کہا کہ میں گھر سے باہر نکلی کیونکہ لوگ خوف کے عالم میں بھاگ رہے تھے اور کاروں سے باہر نکل رہے تھے۔

ایکواڈور کے صدر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ زلزلے کے نتیجے میں مجموعی طور پر 13 افراد ہلاک ہوئے، جن میں سے 11 صوبے ال اورو اور دو آزوئے میں ہلاک ہوئے۔

سرکاری رپورٹ کے مطابق ایکواڈور کی سرحد سے ملحق پیرو کے شہر ٹمبس میں سر پر اینٹ لگنے سے ایک 4 سالہ بچی دم توڑ گئیں، بچی کے رشتہ دار نے بتایا کہ میں اپنی بھتیجی کے ساتھ کھیل رہا تھا اسی دوران ان کے سر پر اینٹ لگی۔

پیرو میں زلزلے سے عمارتوں کو نقصان پہنچا—فوٹو: رائٹرز
پیرو میں زلزلے سے عمارتوں کو نقصان پہنچا—فوٹو: رائٹرز

سوشل میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ گوائیکوئیل، کوائنٹو، مانابی اور مناتا سمیت دیگر شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔

رپورٹس میں زخمیوں کی تعداد اور دیگر تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

ایکواڈور کے صدر نے متاثرہ صوبے ال اورو کا دورہ کیا اور ہسپتال بھی پہنچے جہاں زِخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے اور اس کے بعد دوسرے شہروں کی طرف بھی جائیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ ’میں نے ابھی مچالا شہر کا دورہ مکمل کیا ہے اور حکومت امداد اور وسائل فراہم کرنے کی منظوری دی ہے‘۔

اس سے قبل انہوں نے شہریوں پر زور دیا تھا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور عمارتوں کے نقصان کے حوالے سے سرکاری ذرائع سے آگاہ کریں۔

کوئٹو کے رسک منیجمنٹ آفس کے مطابق کوینکا میں ایک عمارت کا ملبہ گاڑی پر گرا اور شہری جان کی بازی ہار گیا اور شہر میں موجود صحافیوں نے بھی رپورٹ کیا کہ تاریخی مرکز میں پرانے گھر تباہ ہوگئے ہیں۔

یاد رہے کہ ایکواڈور میں 2016 میں بھی 7.8 شدت کا بدترین زلزلہ آیا تھا جس میں 525 سے زائد ہلاکتیں ہوئی تھیں اور 1700 سے زائد لاپتا ہوگئے تھے۔

امریکی جیولوجیکل سینٹر نے اس زلزلے کے حوالے سے کہا تھا کہ 1949 کے بعد ایکوا ڈور میں یہ بدترین زلزلہ ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں