رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا، پہلا روزہ جمعرات کو ہوگا

اپ ڈیٹ 23 مارچ 2023
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اوقاف ہال پشاور میں ہورہا ہے— فوٹو: ٹوئٹر
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اوقاف ہال پشاور میں ہورہا ہے— فوٹو: ٹوئٹر

مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے تقریباً 5 گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس کے بعد رات دس بجے رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا، پہلا روزہ 23 اپریل 2023 بروز جمعرات کو ہو گا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اوقاف ہال پشاور میں منعقد ہوا جبکہ اس کے علاوہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی متعلقہ ہیڈ کوارٹرز لاہور، کراچی، اسلام آباد اور کوئٹہ میں منعقد ہوئے۔

اجلاس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کے دوران چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان نے کہا کہ پاکستان کے اکثر اور بیشتر مقامات پر مطلع ابر آلود رہا اور کچھ مقامات پر مطلع صاف بھی رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مختلف مقامات سے ماہ رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جن میں بہاولپور، رحیم یار خان، صوابی، قلعہ سیف اللہ، مردان اور دیگر علاقے شامل ہیں اور چاند نظر آ گیا۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ انشااللہ یکم رمضان المبارک 1444ہجری 23 مارچ 2023 بروز جمعرات کو ہو گا۔

ادھر پشاور میں مسجد قاسم علی خان کے عالم دین مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے بھی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کی تائید کرتے ہوئے جمعرات کو روزہ رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس تقریباً پانچ گھنٹے تک جاری رہا اور اس دوران ملک کے مختلف علاقوں سے شہادتیں موصول ہوتی رہیں اور ان تمام شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد رات 10 بجے کے بعد چاند نظر آنے کا اعلان کیا گیا۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ کے اکثر ممالک میں بھی جمعرات کو پہلا روزہ ہو گا۔

پریس کانفرنس سے قبل مولانا عبدالخبیر آزاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوشش ہے کہ روزہ اور عید ایک دن ہو، پشاور میں اجلاس منعقد کرنے کا مقصد ہی ایک دن روزے کی کاوش ہے، اجلاس میں تمام متعلقہ زونل کمیٹی کے اراکین اور متعلقہ اداروں کے اراکین شریک ہیں، جب بھی شہادتیں موصول ہوئیں تو اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے پشاور میں اجلاس بلایا گیا ہے، ملک بھر سے شہادتیں وصول کریں گے، اجلاس گزشتہ 4 گھنٹوں سے جاری ہے تاہم اب تک چاند نظر آنے یا نہ آنے کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا جاسکا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عالم زیب نے کہا کہ پشاور میں رمضان کا چاند تقریباً 24 منٹ تک دیکھا جاسکتا ہے، 6 بج کر 53 منٹ سے 7 بج کر 13 منٹ تک چاند نظر آنے کا وقت ہے، پشاور میں رمضان کا چاند بادلوں کی وجہ سے نظر آنے میں مشکلات ہیں۔

دوسری جانب ماہرین کے مطابق غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 21 گھنٹے ہو گی، اگر مطلع صاف ہو تو اسے دیکھنا آسان ہوگا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان بھر میں مطلع ابر آلود ہے جس کی وجہ سے چاند دیکھنا مشکل ہوگا، تاہم چند مقامات پر آسمان صاف ہونے کی صورت میں چاند نظر آنے کا امکان ہو سکتا ہے۔

ادھر ہندوستان ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ بھارت میں چاند نظر نہیں آیا، اس لیے رمضان 24 مارچ بروز جمعہ شروع ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی سپریم کورٹ نے شہریوں سے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی، تاہم مملکت میں چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی تھی۔

سعودی عرب میں 23 مارچ جمعرات کو یکم رمضان المبارک 1444 ہجری ہوگا، حرمین شریفین (مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ) میں آج بعد نماز عشا تراویح ادا کی جائے گی۔

سعودی عرب کی وزارت انصاف نے اعلان کیا تھا کہ چاند دیکھنے کے لیے ایک خودکار الیکٹرانک نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

سعودی گزیٹ کے مطابق منگل کی شام سعودی عرب کی رویت ہلال کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کسی نے بھی چاند دیکھنے کی شہادت نہیں دی، لہٰذا بدھ کو 30 شعبان ہوگی اور رمضان المبارک کا پہلا روزہ جمعرات کو رکھا جائے گا۔

علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات میں کمیٹی نے بھی اعلان کیا کہ منگل 21 مارچ کو رمضان کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد پہلا روزہ جمعرات 23 مارچ کو ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں