• KHI: Fajr 5:23am Sunrise 6:41am
  • LHR: Fajr 4:58am Sunrise 6:21am
  • ISB: Fajr 5:05am Sunrise 6:30am
  • KHI: Fajr 5:23am Sunrise 6:41am
  • LHR: Fajr 4:58am Sunrise 6:21am
  • ISB: Fajr 5:05am Sunrise 6:30am

یوم تکبیر: صدرِ مملکت، وزیراعظم کا سیاسی اور عسکری قیادت کو خراج تحسین

شائع May 28, 2023
— فائل فوٹو: اے پی پی
— فائل فوٹو: اے پی پی

صدرِ مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے ’یومِ تکبیر‘ کے موقع پر سیاسی اور عسکری قیادت سمیت نامور انجینئرز کو ملک کو ایٹمی قوت بنانے پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم تکبیرکے موقع پرقوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی سیاسی اور عسکری قیادت کو سراہنا چاہیے جنہوں نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بناتے ہوئے ایٹمی صلاحیت کے حصول کے لیے اس وقت ایک دانشمندانہ فیصلہ کیا جب خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے جوہری دھماکے ناگزیر تھے۔

ایوان صدرپریس ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ وہ یومِ تکبیر کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، آج کے دن 25 سال قبل بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے ایٹمی تجربات کیے جو خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے ناگزیر تھے۔

انہوں نے کہا کہ جوہری صلاحیت کا حصول واقعی ایک قابل ذکر کارنامہ تھا اور اس کے لیے ہمارے سائنسدان، انجینئرز، اس وقت کی سیاسی اور عسکری قیادت قابل تحسین ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ اس دن پوری قوم اپنے نامور انجینئرز اور سائنسدانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے مختصر عرصے میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی سیاسی اور عسکری قیادت کو سراہنا چاہیے جس نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بناتے ہوئے ایٹمی صلاحیت کے حصول کے لیے اس وقت ایک دانشمندانہ فیصلہ کیا، اس کے لیے ہماری پوری قوم ان تمام لوگوں کی ممنون ہے جنہوں نے پاکستان کو پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن آئیں ہم اپنے لوگوں کی فکری ترقی میں سرمایہ کاری کرنے اور اپنے دفاع کو یقینی بنانے کے لیے سائبر سیکیورٹی کو مضبوط بنا کر پاکستان کو ایک محفوظ ملک بنانے کا عہد کریں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہم اپنی اجتماعی کوششوں سے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 28 مئی کو بین الاقوامی دباؤ، دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے وطن کی قیادت نے اپوزیشن اور قوم کی تائید و حمایت سے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اسی اتحاد، عزم، توجہ اور تسلسل کا مظاہرہ کر کے اب ہمیں پاکستان کو معاشی قوت بنانا ہے، آج کی دنیا میں ہدف معیشت ہے، معاشی کمزوری دور کرنا آج کا ایٹمی پروگرام ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج سے 25 سال قبل آج ہی کے دن اہل پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 5 جوہری دھماکے کرکے اپنے دفاع کے ناقابل تسخیر ہونے کا اعلان کیا تھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن ہمارے اس ازلی و ابدی عزم کا اظہار تھا کہ ہم آزاد ہیں اور آزاد ہی رہیں گے، کوئی ہماری آزادی چھین نہیں سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری آزادی، خود مختاری، قومی وقار اور دفاع ہمیں ہر چیز سے پیارا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن ہم ایٹمی پروگرام کے بانی ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اور اس کے لیے قربانیاں دیں، آج بے نظیر بھٹو شہید کو بھی دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے 1998 میں قائد حزب اختلاف کے طور پر وزیر اعظم نواز شریف کے جوہری دھماکوں کے فیصلے کی تائید کی۔

انہوں نے کہا کہ آج کی نوجوان نسل کو میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ محترمہ بے نظیر بھٹو اور حکومت میں سیاسی کشیدگی انتہا پر تھی لیکن مادر وطن کے لیے انہوں نے سیاسی اختلاف بھلا کر اتحاد کا مظاہرہ کیا، یہ ہے اس دن کی اصل اہمیت اور پیغام۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بات پاکستان کی آجائے تو ہمارے سیاسی اختلاف، مفاد اور تقسیم سب ختم ہو جاتی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان مرحوم سمیت پاکستان کے جوہری پروگرام کے تمام ہیروز، سائنسدانوں، انجینئرز سمیت کارکنوں اور کسی بھی شکل میں اس کا حصہ رہنے والے تمام افراد کو سلام پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ اعزاز صوبہ بلوچستان کو حاصل ہوا، چاغی پہاڑ ہمارے قومی عزم اور افتخار کی علامت بن کر سربلند ہے اور رہے گا، یہاں نعرہ تکبیر کی جو گونج 28 مئی 1998 میں پیدا ہوئی، ازل تا ابد یہ گونجتی اور اعلان کرتی رہے گی کہ اللہ تعالی کے سوا ہمارا سر کسی کے سامنے نہیں جھکے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج کے اس مبارک دن میں اپنے دل کی یہ انتہائی آرزو بھی بیان کرنا چاہتا ہوں کہ ہمیں پاکستان کو اب معاشی قوت بنانا ہے، اس کے لیے ہمیں وہی اتحاد، عزم، توجہ اور تسلسل درکار ہے جس کا مظاہرہ ہماری قوم نے جوہری پروگرام کے لیے کیا، آج کی دنیا میں ہدف معیشت ہے، معاشی کمزوری دور کرنا آج کا ایٹمی پروگرام ہے۔

اسی طرح وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ 28 مئی اپنے وطن کے دفاع کی ناقابل تسخیریت کو یقینی بنانے کے لیے ہمارے غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ جب ہم اس کی سلور جوبلی منا رہے ہیں، آئیے ہم ان تمام لوگوں کو زبردست خراج تحسین پیش کریں جنہوں نے اس تاریخی کارنامے کو انجام دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

کارٹون

کارٹون : 3 نومبر 2024
کارٹون : 1 نومبر 2024