چین کے ایگزم بینک نے کل 60 کروڑ ڈالر رول اوور کر دیے، شہباز شریف

اپ ڈیٹ 18 جولائ 2023
شہباز شریف کا کہنا تھا اگر اللہ تعالیٰ نے ہمیں آئندہ موقع دیا تو کروڑوں بچے و بچیوں کی تعلیم، ووکیشنل ٹریننگ، کھیل کود کے میدان بنانے اور سجانے میں جتنے بھی ہم وسائل مہیا کر سکے ان شااللہ کریں گے — فوٹو: ڈان نیوز
شہباز شریف کا کہنا تھا اگر اللہ تعالیٰ نے ہمیں آئندہ موقع دیا تو کروڑوں بچے و بچیوں کی تعلیم، ووکیشنل ٹریننگ، کھیل کود کے میدان بنانے اور سجانے میں جتنے بھی ہم وسائل مہیا کر سکے ان شااللہ کریں گے — فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں کل 60 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، کل پھر چین کے ایگزم بینک نے 60 کروڑ ڈالر رول اوور کیے ہیں۔

اسلام آباد میں وزیراعظم یوتھ اسپورٹس انیشی ایٹیو کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں کہے بغیر نہیں رہ سکتا، مجھے منع کیا گیا تھا کہ نام نہ لوں، لیکن کیا کروں، جو دوست مہربانی کرتا ہے، اس کو یاد رکھنا چاہیے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بتایا کہ کل پھر چین کے ایکسپورٹ۔امپورٹ (ایگزم) بینک نے پاکستان کو 60 کروڑ ڈالر رول اوور کر دیے ہیں، یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے، میں اگر سفارتی آداب کا خیال رکھوں تو شاید نام نہ لیتا لیکن دل یہ کہتا ہے کہ جس نے احسان کیا ہو، اس کو یاد رکھا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں لیکن دعا کریں کہ قرضوں سے نہیں، قوم کی اپنی محنت،کمائی اور قربانی سے بڑھیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ اور یہ ممکن ہے، جس طرح ان بچے، بچیوں نے مختلف کھیلوں کے میدان میں گولڈ میڈلز لیے، میں سمجھتا ہوں کہ اس سے ہمیں سبق اور ہمت حاصل کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اگر اللہ تعالیٰ نے ہمیں آئندہ موقع دیا تو قوم کے ان کروڑوں بچے اور بچیوں کی تعلیم، ان کی ووکیشنل ٹریننگ اور ان کے کھیل کود کے میدان بنانے اور سجانے میں جتنے بھی ہم وسائل مہیا کرسکیں گے، ان شا اللہ کریں گے، لیکن یہ سب اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔

قبل ازیں، خطاب شروع کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے اس تقریب میں حاضر ہو کر بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ میں ان نوجوانوں کو یہاں پر مل رہا ہوں، جنہوں نے انتہائی قلیل وسائل کے باوجود اپنے انتہائی قابل احترام ٹرینرز، کوچز اور والدین کی دعاؤں سے جو پاکستان کا دنیا میں نام روشن کروایا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ آپ ہم سب کی اور پوری قوم کی دل کی گہرائیوں سے تحسین کے حق دار ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا اگر پاکستان نے اور میدانوں میں سست روی دکھائی ہے تو ان جوانوں نے کھیل کے میدان میں پاکستان کا جھنڈا پوری دنیا میں بلند کیا ہے، آج 5 ارب روپے کا پرائم منسٹر فنڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح بتایا گیا کہ پانچ ارب روپے میں سے ڈھائی ارب روپے جاری اخراجات کے لیے ہیں، جو کہ سفری اخراجات، ٹکٹ کے خرچے وغیرہ کے لیے رکھے گئے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ 5 ارب روپے آٹے میں نمک کے برابر ہیں کیونکہ پورے ملک میں لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں بچے اور بچیاں اس قابل ہیں کہ اگر ان کو صحیح ماحول اور مواقع مہیا کیے جائیں تو وہ دنیا کی بہترین ٹیموں سے بھی آگے نکل سکتے ہیں، لہٰذا یہ پانچ ارب روپے اس بجٹ میں رکھے گئے ہیں، امید ہے کہ جو بھی حکومت الیکشن کے نتیجے میں آئے گی، وہ حالات بہتر ہونے پر اس بجٹ میں اضافہ کرے گی۔

خیال رہے کہ 12 جولائی کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی تھی، جس کے بعد اگلے روز پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر کی پہلی قسط موصول ہو گئی تھی، اس سے قبل سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر اور متحدہ عرب امارات سے بھی ایک ارب ڈالر ملے تھے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ یہ رقم شامل کرنے کے بعد اسٹیٹ بینک کے ذخائر 8 ارب 70 کروڑ ڈالر ہو جائیں گے، زرمبادلہ کے ذخائر کی یہ سطح گزشتہ برس اکتوبر میں دیکھی گئی تھی۔

چند روز قبل نے لاہور میں چیمبرآف کامرس کے ارکان اور معروف کاروباری شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا تھا کہ چین نے پچھلے 3،4 ماہ میں 5 ارب ڈالر رول اوور کیے، کمرشل قرضے رول اوور کرنا آسان بات نہیں ہوتی کیونکہ ان قرضوں میں کمرشل قرضے بھی شامل ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بغیر لگی لپٹی کے کہنا چاہتا ہوں کہ اگر یہ 5 ارب ڈالر اس وقت رول اوور نہ ہوتے تو خدانخواستہ ڈیفالٹ کرچکے ہوتے یا بہت ہی مشکل حالات میں ہوتے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں