• KHI: Fajr 4:33am Sunrise 5:58am
  • LHR: Fajr 3:43am Sunrise 5:16am
  • ISB: Fajr 3:40am Sunrise 5:17am
  • KHI: Fajr 4:33am Sunrise 5:58am
  • LHR: Fajr 3:43am Sunrise 5:16am
  • ISB: Fajr 3:40am Sunrise 5:17am

ایشیا کپ: پاکستان نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

شائع September 6, 2023
امام الحق نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا— فوٹو: اے ایف پی
امام الحق نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا— فوٹو: اے ایف پی
توحید ہردوئی کو بولڈ کرنے کے بعد حارث رؤف کا جارحانہ انداز— فوٹو: اے ایف پی
توحید ہردوئی کو بولڈ کرنے کے بعد حارث رؤف کا جارحانہ انداز— فوٹو: اے ایف پی
ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے کا پہلا میچ لاہور میں کھیلا جا رہا ہے — فوٹو: پی سی بی ایکس
ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے کا پہلا میچ لاہور میں کھیلا جا رہا ہے — فوٹو: پی سی بی ایکس
ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے کا پہلا میچ لاہور میں کھیلا جا رہا ہے —فوٹو: پی سی بی ایکس
ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے کا پہلا میچ لاہور میں کھیلا جا رہا ہے —فوٹو: پی سی بی ایکس
بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا—فوٹو:پی سی بی ایکس
بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا—فوٹو:پی سی بی ایکس

پاکستان نے ایشیاکپ کے سپر فور مرحلے کے میچ میں باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کے بعد امام الحق اور محمد رضوان کی نصف سنچریوں کی بدولت بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

لاہور میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میچ میں بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بنگال ٹائیگرز کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور میچ کے دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر نسیم شاہ نے گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے اوپنر مہدی حسن کو پویلین کی راہ دکھائی، وہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

صفر پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد محمد نعیم کا ساتھ دینے لٹن داس آئے اور دونوں نے تیزی سے کھیلتے ہوئے اگلی 21 گیندوں میں 31 رنز بٹور لیے، تاہم اس سے قبل کہ یہ شراکت مزید طول پکڑتی، لٹن داس 16 رنز کے انفرادی اسکور شاہین شاہ آفریدی کی وکٹ بن گئے۔

اسکور 44 تک پہنچا ہی تھا کہ کپتان بابر اعظم نے حارث رؤف کو گیند تھمانے کا فیصلہ کیا جنہوں نے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے پہلے 20 رنز بنانے والے محمد نعیم اور اگلے اوور میں توحید ہردوئی کی 2 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

ان وکٹوں کے ساتھ ہی حارث رؤف پاکستان کی جانب سے سب سے کم میچوں میں 50 وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے باؤلر بن گئے۔

47 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم مشکلات سے دوچار تھی اور اس مرحلے پر شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم پر مشتمل بنگلہ دیش کی سب سے تجربہ کار جوڑی کی وکٹ پر آمد ہوئی۔

دونوں کھلاڑیوں نے اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے اسکور آگے بڑھانا شروع کیا اور شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کے لیے 100 رنز کی شراکت قائم کی جبکہ اس دوران شکیب نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کر لی۔

اس خطرناک ہوتی پارٹنرشپ کا خاتمہ اس وقت ہوا جب شکیب الحسن 53 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کو وکٹ دے بیٹھے۔

ادھر مشفیق نے دوسرے اینڈ سے بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی ففٹی مکمل کی۔

مشفیق اور شمیم حسین نے مل کر اسکور 174 تک پہنچایا ہی تھا کہ افتخار احمد نے بائیں ہاتھ کے بلے باز کی 16 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

بابر اعظم وکٹ کے حصول کے لیے ایک مرتبہ پھر حارث رؤف کو لے کر آئے جنہوں نے کپتان کو مایوس نہ کیا اور وکٹ پر سیٹ 64 رنز بنانے والے مشفیق کے ساتھ ساتھ اگلی گیند پر تسکین احمد کو بھی چلتا کردیا۔

دوسرے اینڈ سے نسیم شاہ نے بھی وکٹوں کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے ہوئے عفیف حسین کو فہیم اشرف کی مدد سے پویلین واپسی کا راستہ دکھا دیا۔

نسیم نے اسی اوور میں ایک اور شکار کرتے ہوئے شریف الاسلام کو بولڈ کر کے بنگلہ دیشی ٹیم کی بساط لپیٹ دی۔

بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 38.4 اوورز میں 193 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4 اور نسیم شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک، ایک وکٹ شاہین، فہیم اور افتخار نے حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے امام الحق اور فخر زمان نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور اس دوران فخر زمان خوش قسمت بھی رہے جب سلپ میں بنگلہ دیشی فیلڈر ان کا کیچ نہ لے سکے۔

ابھی پاکستان نے 5 اوورز میں 15 رنز ہی بنائے تھے کہ میدان میں فلڈ لائٹس کی خرابی کے باعث میچ روک دیا گیا تاہم چند منٹس بعد ہی روشنی بحال ہونے پر کھیل دوبارہ شروع کردیا گیا۔

امام اور فخر نے ٹیم کو 35 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں فخر آؤٹ قرار دیے گئے، فخر نے 20 رنز بنائے۔

اس کے بعد امام کا ساتھ دینے کپتان بابر اعظم آئے اور دونوں نے مل کر اسکور 74 تک پہنچا دیا تاہم اس مرحلے پر بابر اپنی وکٹ محفوظ نہ رکھ سکے اور 17 رنز بنانے کے بعد تسکین کی وکٹ بن گئے۔

دوسرے اینڈ سے امام الحق نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں اپنی 19ویں نصف سنچری بنائی۔

امام اور رضوان تیسری وکٹ کے لیے 85 رنز کی شراکت کی لیکن سنچری کی تکمیل کے لیے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرنے والے امام الحق 78 رنز بنانے کے بعد مہدری حسن میراز کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

تاہم پاکستان نے فتح کی جانب پیش قدمی جاری رکھی اور اس دوران محمد رضوان نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کر لی۔

پاکستانی ٹیم نے باآسانی 63 گیندیں قبل ہی ہدف تک رسائی کرلی اور میچ میں 7 وکٹوں سے فتح اپنے نام کر لی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، سلمان علی آغا، افتخار احمد، شاداب خان، فہیم اشرف، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف

بنگلہ دیش: شکیب الحسن (کپتان)، محمد نعیم، مہدی حسن، لٹن داس، توحید ہردوئی، مشفیق الرحیم، شمیم حسین، عفیف حسین، تسکین احمد، شرف الاسلام، حسن محمود

کارٹون

کارٹون : 26 جولائی 2024
کارٹون : 25 جولائی 2024