پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھا جارہا ہے، آج ٹریڈنگ کے دوران بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 612 پوائنٹس کا اضافہ ہو گیا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کے ایس ای-100 انڈیکس 612 پوائنٹس یا 0.94 فیصد بڑھ کر 65 ہزار 502 پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 64 ہزار 890 پر بند ہوا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز تقریباً 10 بج کر 51 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس میں 322 پوائنٹس یا 0.5 فیصد اضافہ ہوا تھا، تاہم، کاروبار کا اختتام 74 پوائنٹس یا 0.11 فیصد اضافے کے بعد 64 ہزار 890 پر ہوا تھا۔

گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز 15 مارچ کو انڈیکس 247 پوائنٹس کمی کے بعد 64 ہزار 816 پر بند ہوا تھا۔

اس سے ایک روز قبل بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 1015 پوائنٹس اضافے کے بعد 65 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی تھی۔

چیس سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق نے تیزی کا رجحان کو سیاری اور معاشی محاذ پر واضح ہوتی صورتحال کو قرار دیا تھا۔

14 مارچ کو کے ایس ای-100 انڈیکس 753 پوائنٹس یا 1.16 فیصد کمی کے بعد 64 ہزار 48 پر بند ہوا تھا۔

اکثیر ریسرچ کے ڈائریکٹر اویس اشرف نے کمی کے رجحان کو سرمایہ کاروں کے آئی ایم ایف مذاکرات کے بارے میں محتاط رویے سے جوڑا تھا، جو نئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر قیادت شروع ہو رہے ہیں، ’جنہوں نے اس سال کو ایک مشکل دور قرار دیا‘۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر مہنگائی کا دباؤ بھی بڑھا ہے، جو حساس قیمت انڈیکس سے دیکھا جاسکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں