پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج تیزی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 641 پوائنٹس اضافے سے 66 ہزار 547 کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کے ایس ای-100 انڈیکس 641 پوائنٹس یا 0.97 فیصد اضافے کے بعد 66 ہزار 547 پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 65 ہزار 906 پر بند ہوا تھا۔

واضح رہے کہ 12 دسمبر 2023 کو کے ایس ای-100 انڈیکس 414 پوائنٹس اضافے کے بعد 66 ہزار 426 پوائنٹس کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے ’اچھی پیش رفت‘ ہوئی ہے اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ممکنہ نئے معاہدے سے مارکیٹ میں بہتر آنے میں مدد ملی۔

ان کا کہنا تھا کہ بینچ مارک انڈیکس ایک بار پھر تاریخ کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، جو دسمبر میں بُلند ترین سطح 66 ہزار 427 پر بند ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی مارکیٹ گزشتہ 6 مہینوں میں سب سے زیادہ اضافے کے ساتھ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی مارکیٹ ہے۔

نیکسٹ کیپیٹل لمیٹڈ کے ڈائریکٹر ریسرچ شہاب فاروق نے انڈیکس میں اضافے کو کلی معاشی منظرنامے پر ’مثبت پیش رفت‘ کو قرار دیا، جس میں پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں پیش رفت اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے آگے بڑھنا ہے۔

25 مارچ کو پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کے ایس ای-100 انڈیکس 373 پوائنٹس یا 0.57 فیصد اضافے کے بعد 65 ہزار 525 پر پہنچ گیا تھا۔

جمعہ 22 مارچ کو کے ایس ای-100 انڈیکس 265 پوائنٹس تنزلی کے بعد65 ہزار 151 پر بند ہوا تھا۔

اس سے ایک روز قبل اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان مندی میں تبدیل ہو گیا تھا، صبح 10 بجے بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 316 پوائنٹس اضافے سے 66 ہزار کی سطح بحال ہو گئی تھی، تاہم کاروبار کا اختتام 314 پوائنٹس کی تنزلی پر ہوا تھا۔

20 مارچ کو پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان عملے کی سطح پر معاہدہ طے پانے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 229 پوائنٹس اضافے کے بعد 65 ہزار 731 پر پہنچ گیا تھا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے اس مثبت رفتار کو انشورنس سیکٹر کی جانب سے 19 مارچ کو کی گئی زبردست خریداری کو قرار دیا تھا ، انہوں نے مزید کہا تھا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ معاہدے سے مثبت رجحان کو فروغ دینے میں مدد ملی۔

چیس سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق نے مشاہدہ کیا تھا کہ مثبت رفتار توقعات کے مطابق تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں