متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کراچی میں بڑھتے ہوئے جرائم پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر داخلہ سندھ منہ کھولنے سے پہلے آنکھیں کھولیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں امن وامان کی صورتحال ٹھیک نہیں، رمضان میں ڈکیتی مزاحمت پر بہت سے شہریوں کو قتل کیا گیا، کراچی کے اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف کچھ نہیں کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے کراچی میں شہریوں کی لاشیں گرتی تھیں تووفاق نوٹس لیتا تھا، کئی بار مجرم بھی سندھ پولیس کی صفوں سے ہی ملتے ہیں۔

فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ سندھ منہ کھولنے سے پہلے آنکھیں کھولیں، سندھ حکومت اپنی کامیابی کےخمار سے واپس ہی نہیں آرہی ہے، پولیس کی کالی بھیڑوں کے بغیر جرائم نہیں ہوسکتے ہیں۔

رہنما ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ کراچی میں جو ظلم و ستم ہورہا ہے اس کی مثال نہیں ملتی، سندھ حکومت کی عوام پر توجہ ہی نہیں۔

بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ نیا انسپکٹر جنرل آیا تو کچے کے ڈاکوؤں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، نئی حکومت آتے ہی جرائم پیشہ افراد کو قتل کرنے کا لائسنس مل گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں رینجرز کو مکمل اختیارات ہیں باقی سندھ میں نہیں، پورے سندھ میں رینجرز کو یکساں اختیارات دیے جائیں۔

تبصرے (0) بند ہیں